Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: 65 ہزار مریضوں کی حالت تشویشناک

امریکہ میں لاک ڈاؤن سے بیزار شہری نرمی کے لیے مظاہرے کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں اضافے کے باوجود کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی ہے جبکہ حکام نے ایمرجنسی کی صورت میں دوا ریمڈیسیور کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں ٹیکساس سب سے بڑی ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی ہے۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ تین روز سے مسلسل دو ہزار ہلاکتیں ریکارڈ کی جا رہی تھیں۔
جمعرات کو ٹیکساس میں 50 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جوکہ اس وبا کے آغاز سے اب تک  وہاں ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ 
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ امریکہ میں متعلقہ حکام نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے ریمدیسیویر نام کی دوا کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ ایک تجربے میں دیکھا گیا کہ اس دوا سے کورونا وائرس کے مرض میں جلدی بہتری آ رہی تھی۔
اے ایف پی کے مطابق ٹیکساس کے سب سے بڑے شہر ہیوسٹن میں ایک شاپنگ مال جاتے ہوئے خاتون ریسیپشنسٹ ڈائین کرٹس کا کہنا تھا کہ وہ جوتے خریدنے اور 'گھر سے نکلنے' کے لیے جا رہی ہیں۔
 کرٹس نے کہا کہ یہ آخر کار کسی بھی دوسری بیماری جیسی ہے جس کی وبا پھیلتی ہے۔ 'یہ چلی جائے گی لیکن اس میں شاید وقت لگے گا۔'
اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے 11 لاکھ  مصدقہ کیسز ہیں جن میں سے 65 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں جمعے کو اس بارے میں بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ امریکہ میں ایک لاکھ سے کم اموات ہوں گی،تاہم انہوں نے کہا کہ یہ تعداد بھی بھیانک ہے۔

جمعہ کو لاک ڈاؤن کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں کم از کم 60 سے 70 ہزار ہلاکتیں تو ہوں گی۔
امریکہ میں لوگوں کی بڑی تعداد لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگار ہو چکی ہے۔
جمعے کو لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ کیلیفورنیا کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد لاک ڈاؤن کے خلاف نکلے جہاں حکام نے ساحل سمندر کو کھولنے کے بعد دوبارہ بند کر دیا ہے، کیونکہ گذشتہ ہفتے وہاں لوگوں کا ہجوم پہنچ گیا تھا۔ 

شیئر: