حائل انٹرنیشنل ریلی 2026 کا آغاز، دنیا کے 109 بہترین ریسرز مدمقابل
جمعرات 29 جنوری 2026 18:12
افتتاحی تقریب کے بعد ریلی کے کوالیفائنگ مرحلے کا آغاز ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
حائل ریجن کے گورنر اور حائل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعد نے جمعرات کو حائل ٹویوٹا انٹرنیشنل باجا ریلی 2026 کا آغاز کیا ہے۔
ریلی میں مختلف کیٹیگریز میں 109 ریسرز شریک ہیں جو مقامی اور بین الاقوامی چیمپیئنز کے ایلیٹ گروپ کی نمائندگی کرتے ہیں۔
افتتاحی تقریب کے بعد ریلی کے کوالیفائنگ مرحلے کا آغاز ہوا، چھ کلو میٹر کا ٹائمڈ مرحلہ ٹاپ ٹین شرکا کی ابتدائی پوزیشن طے کرے گا،جس سے ریلی کا باضابطہ آغاز ہوگا۔
یہ ایونٹ، ایف آئی اے ورلڈ اور مڈل ایسٹ باجا کپس، ایف آئی ایم ورلڈ اور ایشیا باجا کپس کا حصہ ہے اس میں سعودی ٹویوٹا ریلی چیمپئن شپ کا افتتاحی مرحلہ شامل ہے۔
تنظیمی کمیٹی نے بتایا بدھ 28 جنوری کو گاڑیوں کا تکنیکی معائنہ کیا گیا۔ یہ معائنہ باضابطہ افتتاح اور پرولاگ سے پہلے کیا جاتا ہے جو ریلی کے پہلے مرحلے کی آغاز کی ترتیب طے کرتا ہے۔

گورنر حائل نے کہا’ یہ ایونٹ حائل ریلی کی دو دہائیوں سے زیادہ کامیابیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ سعودی عرب موٹر سپورٹس کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم بن گیا ہے، جو سیاحت اور اقتصادی ترقی کو فروغ دے رہا ہے۔‘
یاد رہے حائل کار ریلی( موٹرسپورٹس) کی تیز رفتار دنیا میں 2006 کے بعد سے نمایاں مقام حاصل کر چکی ہے، جبکہ مملکت کو عالمی ریلی کے نقشے پر ایک مضبوط پہچان ملی ہے۔

’حائل ٹویوٹا انٹرنیشنل ریلی‘ ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے نمایاں ترین مقابلوں میں شمار ہوتی ہے، منفرد صحرائی ٹریکس نے اسے بین الاقوامی سطح پر ممتاز بنا دیا ہے۔
یہ ریلی حائل خطے کے موٹر سپورٹس کے کیلنڈر کا اہم ایونٹ بن چکی ہے۔ تیز رفتاری، مہارت اور صحرائی چیلنجز سے بھرپور مقابلے نہ صرف سپورٹس بلکہ سیاحت اور معیشت کے فروغ کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
