Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا

وزارت داخلہ نے کورونا سے بچاؤ کے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کیا ہے.
 ضوابط کے تحت گھر سے باہر ماسک نہ پہننے والے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا.
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع نے کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے مقررہ ایس او پیز کے حوالے سے بتایا کہ کہ خانگی، عائلی اور دیگر اجتماعات میں شریک افراد کی تعداد میں ترمیم کرتے ہوئے انہیں 50 افراد تک محدود کر دیا گیا ہے تاہم اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونا خلاف قانون شمار کیا جائے گا.

نجی اداروں میں پروٹوکول کی پابندی نہ کرنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)

خلاف ورزیوں پر کیے جانے والے چالان کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی اداروں اور کمپنیوں میں مقررہ پروٹوکول کی پابندی نہ کرنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہو گا جن میں اداروں میں کام کرنے والوں کو لازمی طور پر طبی ماسک پہننا ہو گا جس کے ذریعے منہ اور ناک ڈھانپی گئی ہو.
اداروں، کمپنیوں اور دیگرتجارتی شعبوں میں سینیٹائزر کی فراہمی لازمی ہوگی، تجارتی مالزمیں آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا خصوصی انتظام کیا جائے،ایسا نہ کرنے والے مقررہ پروٹوکول کی خلاف ورزی کے زمرے میں شمار ہوں گے.
مقررہ قواعد کی پہلی بار خلاف ورزی پر ادارے یا کمپنی پر دس ہزار ریال جرمانہ عائد کی جائے گا. خلاف ورزی دوبارہ ریکارڈ کیے جانے کی صورت میں جرمانے کی رقم دوگنا یعنی 20 ہزار ریال کر دی جائے گی.

تجارتی مالزمیں جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا خصوصی انتظام کیا جائے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)

جاری کیے جانے والے قواعد میں کہا گیا ہے کہ ہر شخص کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ گھر سے باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے. کپڑے یا ڈسپوزایبل ماسک استعمال نہ کرنے یا سماجی فاصلے کے اصول پر عمل نہ کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا.
ایسے افراد جو کسی تجارتی مال، ادارے یا کمپنی میں داخل ہوتے وقت جسمانی درجہ حرارت چیک کرانے سے انکار کریں ان پر بھی خلاف ورزی ریکارڈ کرتے ہوئے ایک ہزار ریال جرمانہ عائد ہوگا.
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کا مقصد کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانا اور اسے مزید پھیلنے سے روکنا ہے تاکہ محفوظ رہتے ہوئے معاشی اور معاشرتی ضرورتوں کو پورا کیا جا سکے.

شیئر: