Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکیورٹی گارڈ کی پینٹگز کی مقبولیت

لاک ڈاؤن کے لمحات کو اپنی مصوری کے ذریعے محفوظ کر دیا (فوٹو، ٹویٹر)
 پینٹنگ میں خداداد صلاحیت کے حامل سعودی نوجوان نے اپنے فن کے ذریعے کورونا کے دوران لاک ڈاؤن کے لمحات کو مصوری کے ذریعے ہمیشہ کے لیے محفوظ کر لیا۔
پیشے کے اعتبار سے نجی کمپنی میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنے والے عبداللہ عبدالمحسن کا کہنا ہے کہ ان کی بنائی ہوئی پینٹنگز دیکھ کر وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ نے ٹویٹر پر رابطہ کیا ہے۔

پینٹنگ کا شوق بچپن سے ہی تھا جو وقت کے ساتھ پروان چڑھتا رہا (فوٹو: ٹوئٹر)

عبداللہ نے ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بنائے ہوئے مصوری کے نمونے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی وزیر ثقافت نے رابطہ کر کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عبداللہ نے مزید کہا کہ ’وزیر ثقافت شہزادہ بدر نے جب دریافت کیا کہ وزارت سے انہیں کیا مدد درکار ہے تو انہیں اپنے فن پاروں کی نمائش کے بارے میں بتایا جس پر انہوں نے وزارت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے‘۔
انہوں نے اپنے فن کے بارے میں بتایا کہ بچپن سے ہی انہیں تصویریں بنانے کا شوق تھا۔ پرائمری جماعت میں ایک استاد سے کافی متاثر تھا جن کی ڈرائنگ غیر معمولی طور پر شاندار تھی۔

رات کو سکیورٹی گارڈ کے طور پرفرائض انجام دیے اور دن میں ہوم ڈیلیوری کا کام کیا (فوٹو: ٹوئٹر)

عبداللہ کا کہنا تھا کہ بچین کا شوق جاری رہا۔ ابتدا میں کچھ مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا جیسا ہر ایک کے ساتھ ہوتا ہے۔ کسب معاش کے حوالے سے عبداللہ کا کہنا تھا کہ دن میں ہوم ڈیلیوری ایپ کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں اشیا پہنچانے کا کام کرتا ہوں اور رات کو ایک نجی سکیورٹی کمپنی میں گارڈْ کے طور پر فرائض انجام دیتا ہوں۔
گذشتہ دنوں جبکہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے مکمل کرفیو اور لاک ڈاؤن تھا اس عرصے میں عبداللہ نے کافی پینٹنگز بنائیں اور انہیں ٹوئٹر پر اپ لوڈ کیا جو لوگوں میں غیر معمولی طور پر مقبول ہوئیں۔

 سکیورٹی گارڈ کی بنائی ہوئی پینٹنگز کی نمائش جلد منعقد ہوگی (فوٹو: ٹوئٹر)

وزیر ثقافت ٹوئٹر پر عبداللہ کی بنائی ہوئی مصوری دیکھ کر کافی متاثر ہوئے اور ذاتی طور پر انہیں پیغام بھیجا جس میں انہوں نے فنکار کو سراہتے ہوئے کہا کہ’ اپنا تخلیقی کام جاری رکھو، جلد ہی وزارت میں میرے ساتھی آپ سے رابطہ کریں گے‘۔
عبداللہ کی بنائی ہوئی پینٹنگز جس میں کورونا وائرس کے حوالے سے لاک ڈاؤن کے بعد کی عکاسی کی گئی غیر معمولی طور پر عوام میں مقبول ہوئی جسے لوگوں نے بے حد سراہا۔
فنکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی بعض پینٹنگز فروخت بھی کیں پیسے کے لیے نہیں بلکہ اس لیے کہ ان کا فن دوسروں تک پہنچ سکے۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: