Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ اور لبنان سے سعودی شہریوں کی آمد

بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کا طبی معائنہ ہوتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی فضائی سفر پر عائد پابندی کے بعد بیرون ملک سے اپنے شہریوں کو واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق امریکہ اور لبنان سے سعودیوں کو لے کر السعودیہ ایئر کی مختلف پروازیں ریاض اورجدہ پہنچیں۔
یاد رہے کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کی وبا کے بعد سے بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد ہے۔ اس حوالے سے  سعودی حکومت نے مختلف ممالک میں مقیم اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے ویب سائٹ پر وطن واپس آنے کے خواہش مند سعودیوں کے لیے خصوصی پورٹل جاری کیا گیا ہے جس پر وہ اپنا اندراج کراتے ہیں۔

ہوائی اڈوں پر وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق احتیاطی تدابیر پرعمل کیا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

پورٹل پرموصول ہونے والی درخواستوں پر ان ممالک میں جہاں سعودی شہری مقیم ہیں سعودی سفارت کار ان سے رابطہ کرکے ان کے قیام و طعام اور سفر کے انتظامات کرتے ہیں۔
کسی بھی ملک میں مخصوص تعداد سامنے آنے کے بعد سفارت خانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو اپنے شہریوں کی تعداد کے بارے میں مطلع کر دیا جاتا ہے جس کے بعد انہیں لانے کے لیے طیارہ بھیجا جاتا ہے۔
اس ضمن میں جمعرات کی شب امریکہ سے دو خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی شہری ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے۔
مزید مسافر دو پروازوں کے ذریعے  جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیویارک اور لبنان کے شہر بیروت سے آنے والے سعودی شہریوں پہنچے۔
دونوں ہوائی اڈوں پر مسافروں کا استقبال کرنے کے لیے وزارت خارجہ کے علاوہ وزارت سیاحت اور صحت کے اہلکار موجود تھے ۔
بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ پر ہی طبی معائنہ کیا گیا تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جا سکے کہ ان میں کوئی کووڈ 19 کا مریض تو نہیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے بیرون ملک سے لائے جانے والے مسافروں کو وزارت صحت کی ٹیمیں مقررہ ضوابط کے مطابق آئسولیشن سینٹرز میں لے جاتی ہیں جہاں ان کا تفصیلی طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں مقررہ مدت تک رکھا جاتا ہے۔ اس دوران مرض کی علامات ظاہر نہ ہونے پر انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔

شیئر: