Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے 17 مریضوں کی دیگر ہسپتالوں میں منتقلی

آکسیجن سپلائی کرنے والے مرکزی نیٹ ورک میں فنی خرابی واقع ہوگئی تھی ( فوٹو: سبق)
طائف کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں آکسیجن کی سپلائی معطل ہونے کے باعث کورونا کے 17 مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہسپتال میں آکسیجن سپلائی کرنے والے مرکزی نیٹ ورک میں فنی خرابی واقع ہوگئی تھی جس کے باعث انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج مریضوں کو منتقل کرنا پڑا۔
طائف محکمہ صحت کے ترجمان عبد الہادی الربیعی نے کہا ہے کہ ’آئی سی یو میں کورونا کے ان مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جنہیں مستقل طور پر آکسیجن کی ضرورت ہے۔‘
’البتہ وہ مریض جن کی حالت مستحکم ہے اور جنہیں آکسیجن کی مستقل ضرورت نہیں انہیں سلینڈر کے ذریعے آکسیجن دی جائے گی۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’آکسیجن کی سپلائی لائن بحال ہونے تک سلینڈروں کی تعداد میں احتیاطی طور پر اضافہ کیا گیا ہے۔‘
’جن مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنا پڑا ان کی منتقلی میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں ہیں۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’ہسپتال میں آکسیجن کی مرکزی لائن میں خرابی دور کرنے کے لیے کام جاری ہے۔‘

شیئر: