Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دل اور پھیپھڑے کے مریضوں کی فوری مدد کے لیے مشترکہ نمبر

یہ نمبر مملکت کے تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں موثر ہوگا۔ (فوٹو سوشل میڈیا)
 خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی منظوری کے بعد سعودی عرب میں دل اور پھیپھڑے کے مریضوں کی فوری مدد کے لیے مشترکہ نمبر جاری کیا گیا ہے۔
مملکت کے تمام سرکاری اور نجی ہسپتال دل اور پھیپھڑے کے خطرناک مریضوں کو علاج کی سہولت ہنگامی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔
 شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہیلتھ کونسل کی متعدد قراردادوں کی منظوری کے ضمن میں اس کی بھی منظوری دی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ہیلتھ کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نہار بن مزکی العازمی نے بتایا ہے کہ ہیلتھ کونسل نے متعدد قراردادیں منظوری کے لیے ایوان شاہی بھیجی تھیں۔ صحت شعبوں میں مریضوں کی صحت و سلامتی اورمعیاری خدمات پیش کرنے کے لیے قومی منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے ۔ یہ منصوبہ قومی تبدیلی پروگرام 2020 کے اہداف کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔

صحت وسلامتی کے لیے نئے  قواعد و ضوابط نافذ کیے جائیں گے۔(فوٹو العربیہ)

العازمی نے بتایا کہ نئے قومی صحت پروگرام کے بموجب تمام صحت اداروں میں معیاری علاج کا کلچر رائج کیا جائے گا۔ مریضوں کی صحت وسلامتی کے اعلی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے نئے  قواعد و ضوابط نافذ کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دل اور پھیپھڑے کے خطرناک مریضوں کے علاج کی خاطر فوری رابطے کے لیے مشترکہ رابطہ نمبر  2222 جاری کیا گیا ہے۔ یہ نمبر مملکت بھر میں تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں موثر ہوگا۔ 
ہیلتھ کونسل کے سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ تمام صحت اداروں میں خون کے خطرناک کینسر کا علاج کرنے والے تمام ہیلتھ سینٹرز کو  ’احالتی‘ پروگرام میں شامل کردیا گیا ہے۔  اس کے تحت کسی بھی صحت ادارے کو ہنگامی بنیادوں پر کیس ٹرانسفر ہوجائے گا۔ تمام صحت ادارے اس سلسلے میں مریضوں سے تعاون کریں گے اور ہنگامی بنیادوں پر فائل کھولیں گے۔ اس پر عمل درآمد وزارت صحت کی جانب سے کرایا جائے گا۔
العازمی نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ بلڈ کینسر کے مریضوں کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کیا گیا ہے کہ انہیں نازک حالات میں ہسپتالوں کے سپیشلسٹ سینٹرز میں علاج درکار ہوتا ہے۔

شیئر: