Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی کارکنوں کے 19 رہائشی مراکز سیل

کارکنان سماجی فاصلے کے اصول کے خلاف رہ رہے تھے۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں الاحسا بلدیہ کی ٹیموں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے اصولوں کے تحت غیرملکی کارکنوں کے رہائشی مکانوں کا سروے کرنے کے بعد 19 مراکز کو سیل کردیا۔
سعودی عرب کے اخبار ’المدینہ’ کے مطابق الاحسا ریجن میں بلدیہ کے سیکٹری فواد الملحم نے بتایا کہ وزارت صحت کی جانب سے کارکنوں کی رہائش کے لیے جو ایس او پیز مقرر کیے ہیں ان پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے بلدیہ کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
تفتیشی ٹیموں کا بنیادی مقصد ایسے غیرملکی کارکنوں کو بہتر رہائش فراہم کرنا ہے جو غیر مناسب مکانوں میں رہتے ہیں جس سے سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

وزارت صحت نے کارکنوں کی رہائش کے لیے ایس او پیز مقرر کیے ہیں۔ (فوٹو: سبق)

الملحم نے مزید کہا کہ مقررہ ضوابط کی خلاف ورزیوں پر بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں غیر ملکی کارکنوں کی 19 مشترکہ رہائش سیل کردی ہیں جہاں سماجی فاصلے کے اصول کے خلاف لوگ رہ رہے تھے۔
سیل کیے جانے والے مکانوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی بھی خلاف ورزیاں نوٹ کی گئی تھیں جہاں رہنے والے صفائی کا بھی خیال نہیں رکھتے تھے جبکہ مکانوں میں تازہ ہوا کی آمدورفت کا بھی مناسب بندوبست نہ ہونے کے برابر تھا جس سے نہ صرف ان کارکنوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ تھا بلکہ کورونا وائرس کے پھیلنے کے بھی امکانات تھے۔
واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے سماجی فاصلے کے اصول کو متعین کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس انسان سے انسان میں بہت تیزی سے منتقل ہوتا ہے اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ کم از کم دو میٹر کا فاصلہ رکھیں تاکہ خود اور دوسرے بھی محفوظ رہیں۔

شیئر: