Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ اور مدینہ سے چار خصوصی پروازیں ، 780 پاکستانی روانہ

جمعے کو دمام سے خصوصی پرواز کے ذریعے 280 پاکستانی واپس گوے تھے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جدہ  اور مدینہ منورہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)  کی چار پروازوں کے ذریعے ہفتے کومزید 780 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی ہے۔
پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 9760 سے 140 ، دوسری پرواز پی کے 9732 سے 140 مسافر لاہور روانہ ہوئے ہیں جبکہ تیسری پرواز پی کے 9742 کے ذریعے 250 مسافر اسلام آباد اور چوتھی پرواز پی کے 9748 سے مدینہ منورہ سے 250  افراد اسلام آباد گئے ہیں۔ یہ مدینہ منورہ سے چلائی جانے والی پہلی خصوصی پرواز ہے۔
 اس سے قبل جمعے کو دمام سے خصوصی پرواز کے ذریعے 280 اور بدھ کو ریاض سے دو خصوصی پروازوں سے 280 افراد پشاورپہنچے تھے۔
ائیر پورٹس پر مسافروں کو الوداع کرنے کے لیے سفارتخانے کے حکام  موجود تھے۔
توقع ہے کہ خصوصی پروازیں دونوں ممالک کے مابین معمول کی پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے تک جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ 16جون 2020 کے بعد سے خصوصی پروازوں کے ٹکٹنگ براہ راست پی آئی اے اور اس کے مجاز ٹریول ایجنٹوں کے ذر یعے کی جارہی ہے۔اب ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارتحانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
کووڈ 19 کے پھیلنے کی وجہ سے معمول کی بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کے بعد حکومت پاکستان نے سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

جدہ سے چوبیس پروازوں کے ذریعے پانچ ہزار سے زیادہ پاکستانی واپس پہنچ چکے ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)

یکم مئی 2020 سے اب تک جدہ سے پی آئی اے کی چوبیس پروازوں کے ذریعے تقریبا پانچ ہزار سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب کے مغربی علاقے سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
 ریاض اور دمام سے 24 خصوصی پروازوں کے ذریعے چار ہزار 114 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔ 
 ریاض میں سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ ، پی آئی اے کے قریبی تعاون سے اس خصوصی پروازوں کے انتظامات دیکھ رہا ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔
 

 

شیئر: