Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انجینیئرنگ کے شعبے میں سعودائزیشن کی شرح 35 فیصد تک بڑھانے کا اعلان

وزارت کا کہنا ہے فیصلے پر عمل درآمد 9 مئی 2027 سے کیا جائے گا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ افرادی قوت نے اتوار کو پرائیوٹ سیکٹر میں وزارتِ بلدیات و ہاؤسنگ کے تعاون سے  ٹیکنیکل انجینیئرنگ کے 94 شعبوں میں سعودائزیشن کی شرح 35 فیصد تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے اس فیصلے پر عمل درآمد 9 مئی 2027 سے کیا جائے گا۔  وزارت کی مشترکہ ٹیمیں نجی شعبے میں تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کریں گی۔
وزارت کے مطابق سعودائزیشن کے اس اقدام کا مقصد خصوصی نوعیت کے شعبوں میں سعودی شہریوں کے لیے مناسب روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا اور قومی افرادی قوت کو با اختیار بنانا ہے۔
سعودائزیشن کے لیے 35 فیصد کے تناسب کا اطلاق نجی شعبے کے ان تمام اداروں پر کیا جائے گا جہاں اس شعبے میں کم ازکم 5 یا اس سے زیادہ غیرملکی کارکن ہوں گے۔
جن شعبوں پر محدود تناسب سے سعود ائزیشن کا اطلاق کیا گیا ہے ان میں سول، الیکٹریکل، مکینیکل  اور الیکٹرانک انجینئرنگ ٹیکنیشنز، سروے ٹیکنیشنز، مکینیکل منٹیننس، آرکیٹیکچرل ڈرافٹس مین سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔
وزارت نے نجی اداروں کو فیصلے پر عمل درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تربیتی امور، پیشہ ورانہ اہلیت، ملازمت کی فراہمی وغیر سے متعلق معاون پروگراموں اور مراعات کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے لیے وزارت کی ویب سائٹ سے مکمل رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے جس میں مقررہ شعبے، سعودائزیشن کی شرح کے تعین اور ضوابط کی پابندی سے متعلق تمام امور وضاحت سے بیان کیے گئے ہیں۔
یہ اقدام وزارت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد خصوصی شعبوں میں مقامی افرادی قوت کو شامل کرنا، قومی صلاحیتوں کو با اختیار بنانا اور لیبر مارکیٹ میں سعودیوں کی شرکت کو بڑھانا ہے یہ اقدامات لیبر مارکیٹ سٹریٹیجی اور سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

 

شیئر: