Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے دو بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم تباہ کر دیے

عرب اتحاد نے لانچ پلیٹ فارم کو نشانہ بنانے کی فوٹیج جاری کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن کی آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد نے صعدہ میں حوثی ملیشیا کے دو بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم  تباہ کر دیے۔
ایس پی اے کے مطابق سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے یہ لانچ پلیٹ فارم سعودی دارالحکومت ریاض پر حملے کی کوشش کے لیے استعمال کیے تھے۔
عرب اتحاد نے لانچ پلیٹ فارم کو ٹریک کرنے اور اسے نشانہ بنانے کی فوٹیج جاری کی ہے جس میں لانچ پلیٹ فارم کو تباہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل سعودی وزارتِ توانائی کے ایک عہدیدار نے اتوار کو بتایا کہ ریاض میں سعودی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم گرنے والے ملبے کے باعث عمارت کو معمولی نقصان پہنچا۔
سعودی فضائی دفاعی نظام نے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض اور مملکت کے جنوبی علاقوں کی طرف داغے گئے کروز اور بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دیا۔
 ترجمان نے کہا ریاض اور جنوبی علاقوں کی جانب آنے والے دو کروز میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا گیا، جبکہ دارالحکومت کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائل بھی مار گرائے گئے۔ 
اتحاد کے مطابق رواں ماہ اب تک مملکت بھر میں کم از کم 15 بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے علاوہ ڈرونز کو تباہ یا ناکارہ بنایا جا چکا ہے۔

 

شیئر: