مصر میں دو ٹرینوں کی ٹکر، 7 افراد ہلاک، سعودی عرب کی تعزیت
ٹرین حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ( فوٹو اے پی)
مصری دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں دو ٹرینوں کی ٹکر سے 7 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ سعودی عرب نے حادثے میں اموات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مصری ریلوے اتھارٹی نے بتایا الجیزہ سے فیوم جانے والی ایک ٹرین قاہرہ سے جنوبی شہر اسوان کی جانب جانے والی دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ یہ حادثہ الجیزہ کے علاقے العیاط میں پیش آیا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے زخمیوں کو الجیزہ کے ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سرکاری میڈیا نے اس سے قبل 120 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی لیکن ان کی حالت کی کے بارے میں نہیں بتا یا گیا تھا۔
صدر عبدالفتاح السیسی نے حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی ہے تاکہ غفلت کے مرتکب کسی بھی شخص کو جوابدہ ٹھرایا جا سکے۔
اتھارٹی کے مطابق امدادی ٹیموں نے کرینوں کی مدد سے ملبہ ہٹایا۔ حادثے کی وجوہ کے لیے تحقیقات شروع کردی ہے۔
یاد رہے 2002 میں قاہرہ کے جنوب میں ایک ٹرین کو آگ لگنے سے 370 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 2009 میں اسی علاقے میں ٹرینوں کے حادثات میں متعدد اموات ہوئیں۔
مصر کی گیارہ کروڑ آبادی کا ٹرانسپورٹیشن کے لیے ریلوے پر انحصار بہت زیادہ ہے۔ افریقہ کے سب سے بڑے ریلوے نیٹ ورکس میں سے ایک ہونے کے باوجود یہاں بار بار مہلک حادثات پیش آتے رہے ہیں۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران مصر نے اپنے ٹرانسپورٹ انفرا سٹرکچر کو جدید بنانے کے لیے اربوں ڈالر خڑچ کیے۔ نئی شاہراہیں اور تیز رفتار ریلوے لائنیں تعمیر کی گئیں تاہم وہ اب تک اپنے پرانے ریلوے نیٹ ورک کے بیشتر حصے کو جدید بنانے میں ناکام رہا ہے۔
