Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس سال محدود حج ، داخلی عازمین شریک ہوں گے

اس سال حج میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے عازمین کو محدود تعداد میں شریک کیا جائے گا (فوٹو اے ایف پی)
سعودی وزارت حج نے اعلان کیا ہے کہ اس سال حج  ہوگا اور محدود تعداد میں عازمین شریک ہوں گے۔ دنیا کے 180 سے زیادہ ملکوں میں نئے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود تعداد میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے شہریوں کو حج کا موقع دیا جائے گا۔
دنیا بھر میں پانچ لاکھ کے قریب وائرس سے اموات ہوچکی ہیں اور 70 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا سے متاثر ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت حج نے بیان میں ہے کہ ’کورونا کی وبا کے ماحول، دنیا بھر میں وائرس کے پھیلنے کے  خطرات اور روز بروز دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر طے کیا گیا ہے کہ اس سال حج میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے عازمین کو محدود تعداد میں شریک کیا جائے گا-‘

سعودی حکومت ہر سال حج اور عمرے پر آنے والے لاکھوں مسلمانوں کی خدمت کا اعزاز حاصل کرتی ہے (فوٹو اے ایف پی)

پیر کی شب جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ’یہ فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ حج محفوط صحت ماحول میں ہو۔ کورونا سے بچاؤ کے تقاضے پورے کیے جائیں- عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکے اور انسانی جان کے تحفظ سے متعلق اسلامی شریعت کے مقاصد پورے کیے جاسکیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت جو ہر سال حج اور عمرے پر آنے والے لاکھوں مسلمانوں کی خدمت کا اعزاز حاصل کرتی ہے- دنیا بھر کے مسلمانوں کو یقین دلانا چاہتی ہے کہ یہ فیصلہ حرمین شریفین کے زائرین کی صحت و سلامتی کے جذبے سے کیا گیا ہے-
وزارت حج نے اپنا بیان اس دعا پر ختم کیا کہ ’اللہ تعالی دنیا کے تمام ممالک کو اس وبا سے تحفظ فراہم کرے اور ہر آفت سے بنی نوع انساں کی حفاظت کرے- اللہ تعالی ہر چیز پر قادر ہے۔‘

شیئر: