Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلامتی کونسل نے حوثیوں کے ڈرون حملوں کی مذمت کردی

سلامتی کونسل نے امن  مذاکرات کی سست روی پر تشویش ظاہر کی۔(فائل فوٹو اے ایف پی)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے۔
 سلامتی کونسل  کے ارکان نے میزائل اور ڈرون حملے فوری بند کرنے سے متعلق سیکریٹری جنرل  کی اپیل کی حمایت بھی کی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے یمن میں مکمل جنگ بندی اور جامع سیاسی عمل کی بحالی کے لیے اقتصادی و انسانی اقدامات کے معاہدے تک رسائی کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی برائے یمن  مارٹن گریوٹ  کی کاوشوں کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا-
سلامتی کونسل کے ارکان نے  امن  مذاکرات کی سست روی پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے تمام فریقوں سے کہا کہ وہ ثالثوں کی پیش کردہ تجاویز کی جلد منظوری دیں۔
انہوں نے یمن کی آئینی حکومت اور عبوری کونسل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور فریقین سے اپیل کی کہ وہ ریاض معاہدے کی تمام دفعات نافذ کریں۔
سلامتی کونسل  نے ’صافر آئل‘ نامی آئل ٹینکر کے پھٹنے کے خطرات بڑھ جانے کے حوالے سے کہاکہ آئل ٹینکر کے پھٹنے سے بہت بڑا ماحولیاتی، اقتصادی اور انسانی المیے جنم لے گا۔ یمن کے ساتھ اس کے ہمسایہ ممالک بھی متاثر ہوں گے۔ حوثیوں سے کہا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے ماہرین کو صافر آئل ٹینکر تک رسائی کی فوری غیرمشروط اجازت دیں۔

  سلامتی کونسل نے ریاض معاہدے کی تمام دفعات نافذ کرنے کو کہا ہے (فوٹو ایس پی اے)

سلامتی کونسل کے ارکان نے یمن میں انسانی حالات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام امدادی ممالک سے اپیل کی کہ وہ یمنی عوام کو بچانے کے لیے  کوشش تیز کریں۔ یمن کے تمام فریق کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں فورا بند کرنے کا مطالبہ کیا اور امدادی سامان کی فوری ترسیل کو یقینی بنانے پربھی زور دیا ہے۔
 یمن کے تمام فریقوں سے کہا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے ایلچی کے ساتھ بامقصد گفت و شنید کرکے الحدیدۃ بندرگاہ تک ایندھن کی مربوط ترسیل کو یقینی بنانے والے اقدامات پر عمل درآمد کریں۔

شیئر: