Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں اموات پانچ لاکھ 25 ہزار

دنیا میں 57 لاکھ سے زیادہ لوگ شفایاب ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں معیشت کے پہیے کو چلانے کے لیے لاک ڈاؤن میں نرمی تو کر دی گئی ہے لیکن کورونا وائرس کی وبا کا دائرہ محدود ہونے کے بجائے وسیع ہوتا جا رہا ہے اور اب تک دنیا میں ایک کروڑ 12 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اموات پانچ لاکھ 25 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا کے مغربی اور جنوبی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 22 ہزار افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
مغربی ریاست مہاراشٹر میں سنیچر کو چھ ہزار 364 کیسز سامنے آئے جبکہ 19 اموات ہوئیں۔

 

انڈیا متاثرین کے لحاظ سے روس سے چند ہزار کیسز پیچھے ہے جس کے بعد یہ دنیا میں وبا سے متاثر ہونے والے ممالک میں تیسرے نبمر پر آ جائے گا۔ انڈیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ کے قریب ہے اور 18 ہزار 655 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا میں اموات اور متاثرین کے اعتبار سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں مریضوں کی تعداد 28 لاکھ کے پاس پہنچ گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 29 ہزار سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
امریکہ کے بعد لاطینی امریکہ کے ممالک ہیں جن میں متاثرین اور اموات کے لحاظ سے برازیل سرفہرست ہے جہاں روئٹرز کے مطابق حکام نے چین میں بنائی گئی کورونا وائرس کی ویکسین کے ٹرائل کی اجازت دے دی ہے جو برازیل کی چھ ریاستوں میں کیے جائیں گے۔
برازیل کے شہر ساؤ پالو کے گورنر جواؤو ڈوریا نے 29 جون کو بتایا کہ ویکسین کے ٹرائل کے لیے نو ہزار سے زیادہ رضا کار خود کو رجسٹر کروا چکے ہیں۔
برازیل میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 42 ہزار 223 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 39 ہزار 81 ہوگئی ہے اور کُل ہلاکتیں 61 ہزار 884 ہو چکی ہیں۔
میکسیکو متاثرین کے اعتبار سے اٹلی سے بھی آگے نکل چکا ہے اور وہاں کیسز کی تعداد دو لاکھ 45 ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور 29 ہزار 843 افراد کی موت ہوئی ہے۔

اموات کے اعتبار سے اٹلی اور فرانس دنیا میں چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

روس میں اموات 10 ہزار سے بڑھ چکی ہیں اور چھ لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد میں وائرس پایا گیا ہے۔
اموات کے لحاظ سے دیکھا جائے تو امریکہ اور برازیل کے بعد برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک  44 ہزار 216 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برطانیہ میں اب تک کورونا کے دو لاکھ 85 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
اموات کے اعتبار سے اٹلی اور فرانس دنیا میں چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ اٹلی میں وبا سے 34 ہزار 833 جبکہ فرانس میں 29 ہزار 896 افراد کی موت ہوئی ہے۔
دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس سے لوگ متاثر یا ہلاک ہو رہے ہیں وہیں صحت یاب بھی ہو رہے ہیں اور روئٹرز کے مطابق اب تک تقریباً پچاس فیصد یعنی 57 لاکھ سے زیادہ لوگ شفایاب بھی ہوئے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں