Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کے لیے سعودی امیدوار

محمد بن مزید التویجری کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ (فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب نے ایوان شاہی کے مشیر اور سابق وزیراقتصادی و منصوبہ بندی محمد بن مزید التویجری کا نام ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن ( ڈبلیو ٹی او) کے ڈائریکٹر جنرل کے منصب کے لیے تجویز کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈبلیو ٹی او میں تعینات سعودی مشن نے تنظیم کو اس حوالے سے یادداشت پیش کر دی ہے۔
سعودی مشن کا کہنا ہے کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ کثیر فریقی تجارتی نظام مضبوط ہو اور اوپن ڈور پالیسی کی تقویت کا باعث بنے۔

عہدے کے لیے سعودی امیدوار محمد التویجری کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی مشن نے بیان میں مزید کہا کہ سعودی عرب بین الاقوامی تجارت کی ضابطہ سازی، عمل درآمد اور عالمی تجارت و معیشت کے فروغ و نگہداشت میں ڈبلیو ٹی او کے کلیدی کردار کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہے۔
سعودی عرب نے ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے التویجری کو ایسے ماحول میں نامزد کیا ہے جب تجارتی نظام میں تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور سعودی عرب جی 20 کی قیادت کے تناظر میں عالمی تجارتی نظام کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کو محسوس کر رہا ہے۔
ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے سعودی امیدوار محمد التویجری کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔
التویجری تجربات کے حوالے سے روشن ریکارڈ کے مالک ہیں۔ انہوں نے 1998 میں کنگ سعود یونیورسٹی سے بزنس مینجمنٹ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور متعدد کلیدی عہدوں پر فائز رہنے کی بدولت اس منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے اہل ہیں۔

شیئر: