Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الخبر دھماکہ، ایران ملین ڈالر معاوضہ دے

الخبر دھماکے میں امریکی فضائیہ کے 19 پائلٹ ہلاک ہوئے تھے(فوٹو عرب نیوز)
امریکی عدالت نے ایران کو 1996 میں الخبر ٹاورز میں دھماکے کا ذمہ دار قرار دے کر اس میں بچ جانے والے افراد کو 879 ملین ڈالر معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق واشنگٹن میں وفاقی عدالت نے مقدمے کی سماعت کے دوران 1996 میںالخبر ٹاورز دھماکے میں ایران کے ملوث ہونے کے ٹھوس دلائل ریکارڈ پر آنے کے بعد ایران کو دہشت گردانہ حملے کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے-
الخبر دھماکے میں امریکی فضائیہ کے 19 پائلٹ ہلاک ہوئے تھے جبکہ 400 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے۔

دھماکے میں بچ جانے والے افراد کو 879 ملین ڈالر معاوضہ ادا کیا جائے گا۔( فوٹو عرب نیوز)

امریکی عدالت نے اپنے فیصلے میں بتایا کہ ’ایرانی حکومت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی تھی۔ انہوں نے ایران کے کہنے پر الخبر ہاؤس کمپلیکس پر 5 ہزار رطل (پونڈ) وزنی بارود سے بھرے ہوئے ٹرک کا دھماکہ کیا تھا۔‘
الخبر ٹاورز کیس کی اہم وکیل ایڈورا ساور نے عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردانہ حملے کے 25 برس بعد بھی عدالت نے امریکی فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو فراموش نہیں کیا اور اس دہشتگردانہ حملے کی ذمہ دار ایرانی حکومت کے احتساب کے حوالے سے اپنا فرض یاد رکھا۔‘
امریکی فضائیہ کے 14 زخمیوں اور ان کے قریب ترین 21 رشتہ داروں نے ایران، ایرانی پاسداران انقلاب، ایرانی خفیہ ادارے اور ایرانی سیکیورٹی کے خلاف دعویٰ دائر کیا تھا۔

عدالت کے مطابق ایرانی حکومت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی تھی۔ (فوٹو عرب نیوز)

امریکی عدالت نے طے کیا ہے کہ ’ایران کے ان اثاثوں سے جو امریکہ اور اس کے باہر ایرانی منی لانڈرنگ کمپنیوں اور افراد سے ضبط کیے گئے ہیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو معاوضے میں دلائے جائیں گے۔‘
امریکی عدالت کا یہ اپنی نوعیت کا دوسرا ایسا فیصلہ ہے۔ اس سے قبل 2018 کے دوران واشنگٹن میں امریکہ کی وفاقی عدالت نے فیصلہ جاری کر کے الخبر ٹاورز پردہشت گردانہ حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہوئے اسے 104.7 ملین ڈالر معاوضہ دینے کا حکم جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ ایران کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ نے 25 جون 1996 کو الخبر ٹاورز میں دھماکہ کیا تھا- اس وقت ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ حملہ آوروں نے لبنان سے سعودی عرب دھماکہ خیز مواد سمگل کیا تھا اور بڑا گیس ٹینکر خرید کر اسے دیو ہیکل بم میں تبدیل کر دیا تھا۔

شیئر: