Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈبلیو ٹی او کے نئے ڈائریکٹرجنرل کے سامنے کیا چیلنجز ہوں گے؟

التویجری اجلاس میں شرکت کے لیے جنیوا پہنچ گئے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن( ڈبلیو ٹی او) کے نئے ڈائریکٹر جنرل کا انتخاب بدھ کو ہو رہا ہے۔ برازیل کے روبرٹو ازیوڈو نے اگست سے قبل ہی منصب چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وہ اس منصب کے لیے دوسری بار منتخب ہوئے تھے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے آٹھ امیدوار ہیں۔ ان کا تعلق  سعودی عرب ،مصر، کینیا، نائجیریا، برطانیہ، میکسیکو، مالدووا اور جنوبی کوریا سے ہے۔
سعودی امیدوار ایوان شاہی کے مشیر محمد بن مزید التویجری ڈبلیو ٹی او کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کو جنیوا پہنچ گئے۔
التویجری رکن ممالک کے نمائندوں کے سامنے ڈبلیو ٹی او سے متعلق اپنا پروگرام اور اپنا تصور پیش کریں گے جبکہ آئندہ جمعے کو رکن ملکوں کے مندوبین کے سوالات کے جواب دیں گے۔

نئے ڈائریکٹر کو ترجیحی بنیادوں پر تنظیم کا اعتبار بحال کرنا ہوگا۔(فوٹو سوشل میڈیا)

ڈبلیو ٹی او کے نئے ڈائریکٹرجنرل کے سامنے کئی چیلنج ہوں گے۔ نمایاں ترین 2021 وزارتی کانفرنس کی تیاری اور منجمد تجارتی مذاکرات کا احیا ہے۔
ایک اہم چیلنج امریکہ کے  ساتھ ڈبلیو ٹی او کے تعلقات کو بہتر بنانا بھی ہوگا جبکہ نئے کورونا وائرس سے جنم لینے  والے نئے حالات اور مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈبلیو ٹی او کے نئے ڈائریکٹر کو ترجیحی بنیادوں پر تنظیم کا اعتبار بحال کرنا ہوگا۔ نئے ڈائریکٹر جنرل کے سامنے ایک مسئلہ یہ بھی ہوگا کہ رکن ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات کا جمود توڑنے کے لیے گفت و شنید کا نیا موثر ایجنڈا پیش کرنا پڑے گا۔ رکن ملکوں کے درمیان تنازعات کے تصفیے کا نیا نظام پیش کرنا پڑے گا۔
سعودی امیدوار محمد التویجری کلیدی عہدوں پر کام کرنے اور تجارتی تنازعات سلجھانے والے آرٹ سے واقف ہونے کے باعث ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل بننے کےاہل سمجھے جارہے ہیں۔

شیئر: