Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے صحتیابی میں اضافہ کی وجہ کیا؟

شروع میں کورونا متاثرین ہمت ہارجاتے تھے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
وزارت صحت کے  ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے حالیہ ایام کے دوران سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ کے حوالے سے وضاحت دی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق العبد العالی نے زیادہ تعداد میں شفایابی کے حوالے سے بتایا کہ کئی ہفتے سے کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ رہی تھی اور اسی تناسب سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا رہا-

مملکت کا شمار ان ممالک میں کیاجارہا ہے جہاں متاثرین تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)

’ابتدا میں کورونا سے متاثرین مریض جلد ہی حوصلہ ہار جاتے تھے- اب صورتحال بدل رہی ہے- متاثرین زیادہ ہمت اور حوصلے سے کام لے رہے ہیں جس سے ان کی مدافعتی قوت وائرس سے چھٹکارا حاصل کرنے میں معاون بن رہی ہے-‘
 العبد العالی نے کہا کہ سعودی عرب کا شمار ان ممالک میں کیا جارہا ہے جہاں وائرس سے متاثر افراد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں-
وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرین کا علاج کا طریقہ کار جو پہلے تھا وہی اب بھی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی-
یاد رہے کہ وزارت صحت نے جمعرات کو بیان جاری کرکے بتایا کہ کورونا سے 16 جولائی کو دو ہزار سات سو 64 افراد متاثر ہوئے جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد چار ہزار پانچ سو 74 ریکارڈ کی گئی- اس سے قبل منگل کو کورونا وائرس سے شفایاب افراد کی تعداد سات ہزار سات سو 18 اور بدھ کو پانچ ہزار چار سو 88 بتائی گئی تھی- اتنی بھاری تعداد میں پہلی بار کورونا سے متاثر افراد شفایاب ہوئے-
اب تک مملکت بھر میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار چھ سو 22 ہو گئی ہے-
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: