جازان کی وادیوں اور جنگلات سے اعلٰی معیار کے شہد کی پیداوار
جازان ریجن میں العیدابی کمشنری شہد کی مکھیوں کی فارمنگ کے حوالے سے غیر معمولی شہرت رکھتی ہے۔ یہاں کی وادیوں اور جنگلات میں پائے جانے والے پودے اعلیٰ معیار کے شہد کی تیاری کے لیے نہایت مفید ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جازان میں شہد فیسٹیول کے ڈائریکٹر اور شہد کے کاشتکاروں کی کمیٹی کے سربراہ سلیمان الغزوانی کا کہنا تھا کہ ’رواں برس یہ ایونٹ دراصل سابقہ فیسٹیول کی کامیابی کا تسلسل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ علاقائی کاشتکاروں کی بڑی تعداد فیسٹیول میں شریک ہے جو اپنے علاقے کا شہد پیش کر رہے ہیں۔
سلیمان الغزوانی کا کہنا تھا کہ ’فیسٹیول کے انعقاد سے شہد کی مارکیٹنگ میں تیزی آئی ہے۔ علاقے کا 25 ٹن سے زیادہ شہد فروخت ہوا جس کی مالیت 12 ملین ریال سے زیادہ ہے۔‘
شہد کی مکھیوں کی فارمنگ کے حوالے سے الغزوانی کا کہنا تھا کہ ’کمیٹی باقاعدہ ورکشاپس منعقد کرتی ہے تاکہ شہد کی مکھیاں پالنے اور تربیت دینے کے جدید طریقے اپناتے ہوئے شہد کے چھتے تیار کیے جائیں۔‘

تربیتی ورکشاپس کے نتیجے میں علاقے میں شہد کی پیداوار میں اضافہ ہوا اور یہ اب 650 ٹن تک پہنچ گئی ہے جبکہ شہد کی فارمنگ سے اس وقت تقریباً 4 ہزار افراد منسلک ہیں جن میں علاقے کی خواتین بھی شامل ہیں۔
جازان ریجن شہد فیسٹیول میں 15 اقسام کے علاقائی شہد لائے گئے جن میں سدر، السلام، السمرۃ، الدوم، الضھیان، الطلح، المرار اور المجری وغیرہ شامل ہیں۔
