Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کے لیے خیموں کی تنصیب

ہر خیمے میں حاجیوں کے بستر فاصلے سے لگائے گئے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں صحت کے ضوابط اور نئے کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر کے مطابق حاجیوں کے لیے خیموں کی تنصیب شروع کردی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج نے منیٰ، مزدلفہ اورعرفات میں نئے حج خیموں کی وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی ہے جس میں  دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خیمے سے دوسرے خیمے کے درمیان مقررہ فاصلہ قائم کیا گیا ہے تاکہ حج رہائش پر حاجی حضرات کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رہے۔
 وزارت نے خیموں کے قریب متعدد واش روم تیار کیے ہیں تاکہ حاجی وقفے وقفے سے صابن سے ہاتھ دھوتے رہیں۔

منیٰ، مزدلفہ اورعرفات میں حاجیوں کے لیے نئے خیمے لگا دیے گئے ہیں۔ 

منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں خیمے مخصوص علاقے میں نصب کیے گئے  ہیں۔ خیمے میں آنے جانے کا راستہ مقررہ ضوابط کے مطابق بنایا گیا ہے۔ خیموں کی دیواروں پر مشترکہ حج مونو گرام ’بسلامہ آمنین ‘چسپاں کیا گیا ہے۔ ہر خیمے میں حاجیوں کے بستر فاصلے سے لگائے گئے ہیں۔
 دریں اثنا سعودی عرب میں فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والوں نے اتوار 19 جولائی سے 7 روزہ گھر میں آئسولیشن پر عمل شروع کردیا ہے۔
 یاد رہے کہ وزارت صحت نے کہا تھا کہ جو لوگ اس سال حج پر جائیں گے انہیں سفر حج شروع کرنے سے قبل سات روزہ ہاؤس آئسولیشن اور حج کے بعد بھی ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کرنا ہوگی۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حج کے لیے مقررہ صحت ضوابط کا حصہ ہے۔
مکہ مکرمہ سفر سے قبل ہر عازم حج کو، نئے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروانا ہوگا، ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کرنا ہوگی اور حج کرنے کے بعد بھی ہاؤس آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔

شیئر: