Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹائیگر فورس ڈے: ’اس بہانے کوئی ٹائیگر نظر تو آئے گا‘

حکومت نے عیدالاضحیٰ کے بعد 'ٹائیگر فورس ڈے' منانے کا فیصلہ کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت نے عیدالاضحیٰ کے فوری بعد 'ٹائیگر فورس ڈے' منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹائیگر فورس کے رضا کار ملک بھر میں شجر کاری مہم میں حصہ لیں گے اور مون سون شجرکاری مہم کے دوران ایک کروڑ درخت لگائیں گے۔
پیر کو وزیراعظم عمران خان سے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ملک امین اسلم نے ملک بھر میں شجرکاری مہم کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی جبکہ عثمان ڈار نے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے دوران ٹائیگر فورس کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے فوری بعد 'ٹائیگر فورس ڈے' منایا جائے گا۔ ٹائیگر فورس کے رضا کار ملک بھر میں شجر کاری مہم میں حصہ لیں گے اور مون سون شجرکاری مہم کے دوران ایک کروڑ درخت لگائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے بدھ کے روز نوجوانوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کریں گے اور نوجوانوں سے شجر کاری مہم میں حصہ لینے کی اپیل کریں گے۔
معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کی تعداد بڑھانے کے لیے رجسٹریشن کا عمل دوبارہ اوپن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
'ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کی رجسٹریشن آئندہ چند روز میں ایک ایپلی کیشن کے ذریعے اوپن کر دی جائے گی۔ نوجوان تیاری کریں، وزیراعظم نئی ذمہ داریوں کو اعلان کرنے والے ہیں۔
ٹائیگر فورس ڈے منانے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تبصرے شروع ہوگئے۔

حنان نامی صارف نے لکھا کہ 'لو جناب اب ٹائیگر فورس ڈے منایا جائے گا۔'

ایک اور صارف فرحت سلطانہ نے لکھا کہ 'سنا ہے عید کے بعد 'ٹائیگر فورس ڈے' منائے گی حکومت، چلو اچھا ہے اس بہانے کوئی ٹائیگر تو دیکھنے کو ملے گا۔'

ٹوئٹر صارف آصف نواز نے لکھا کہ 'میں بھی ٹائیگر فورس کا حصہ ہوں لیکن ہمیں تو کوئی کام نہیں دیا گیا آخر یہ کام کہاں کر رہے ہیں۔'

شیئر: