Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں مندر تعمیر: ’تمام فریقین سے رابطے کا فیصلہ‘

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق یہ معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلے مندر کی تعمیر کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل نے کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سمیت تمام فریقین سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں مندر تعمیر کرنے کے معاملے پر رائے دینے سے قبل سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کی جائے گی، اور جائزہ لیا جائے گا کہ مندر کی تعمیر کے حوالے سے مطالبہ کیا تھا۔ 
’کونسل نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موجود مندروں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں، سی ڈی اے سے بھی رپورٹ طلب کی جائے گی، جبکہ نادرا سے بھی جڑواں شہروں میں موجود ہندوؤں کی آبادی سے متعلق تفصیلات طلب کی جائیں گی۔‘
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے، اس لیے اس پر رائے دینے پر وقت لگے گا، اور تمام فریقین سے رجوع کیا جائے گا۔ چونکہ یہ انتہائی حساس نوعیت کا معاملہ ہے اس لیے علما سے بھی ان کے تحفظات پوچھے جائیں گے پھر قرآن اور سنت میں موجود اس متعلق احکامات کا جائزہ لیا جائے گا۔‘
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ وہ اس معاملے پر انسانی حقوق پر کام کرنے والے سے بھی مشاورت کریں گے، ’آئین پاکستان کی روشنی میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے وکلا سے بھی رجوع کریں گے اور اس کے بعد حتمی رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کی جائے گی۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہندوؤں کو پہلے مندر کی تعمیر کے لیے زمین الاٹ کی گئی تھی جس پر مذہبی رہنماؤں اور علما نے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کر رکھی ہے۔
 
 

شیئر: