Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رحیم یار خان میں بے نظیر انکم سپورٹ مرکز کی چھت منہدم، پانچ خواتین ہلاک اور 25 سے زائد زخمی

حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائی جاری ہے (فوٹو: 1122)
صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر کی چھت گرنے سے پانچ خواتین ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئیں جبکہ ہلاکتیں بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
پیر کو ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس رحیم یار خان کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ ٹبہ منٹھار کے چک 123 پی میں اس وقت پیش آیا جب خواتین وہاں امدادی رقم وصول کرنے کے لیے جمع تھیں۔
بیان کے مطابق واقعے میں پانچ خواتین کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے تاہم یہ تعداد بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کیونکہ واقعے کے وقت بڑی تعداد میں خواتین وہاں موجود تھیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائی میں مصروف ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ان کی ہدایت پر شیخ زاید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ڈاکٹرز کے علاوہ پیرامیڈیکل سٹاف کو بھی فوری طلب کر لیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت ریسکیو 1122 کے علاوہ ایدھی اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے بھی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

شیئر: