Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اجتماعی رہائش کے لیے نئے ضوابط مقرر

کمیٹیوں کے ارکان وقتاً فوقتاً اجتماعی رہائش پر چھاپے ماریں گے (فوٹو: اخبار 24)
قائم مقام وزیر بلدیات و دیہی امور ماجد الحقیل نے سعودی عرب کے تمام شہروں میں اجتماعی رہائش کے قواعدوضوابط مقرر کر دیے- اجتماعی رہائش کے لیے صحت و سلامتی و تکنیکی شرائط بھی متعین کردی گئیں-
اخبار 24 کے مطابق نئے قواعد و ضوابط پرعمل درآمد ستمبر سے ہوگا- یہ ضابطے نہ صرف یہ کہ مستقبل میں تعمیر کی جانے والی اجتماعی رہائش پر لاگو ہوں گے بلکہ موجودہ مکانات پر بھی نافذ کیے جائیں گے- اس سلسلے میں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کہ اجتماعی رہائش آبادی کے اندر ہے یا شہر کے باہر واقع ہے-
وزارت بلدیات و دیہی امور نے توجہ دلائی کہ اجتماعی رہائش سے متعلق شرائط و ضوابط نافذ کرانے کے لیے مجالس قائمہ تشکیل دی جائیں گی- کمیٹیوں کے ارکان وقتا فوقتا اجتماعی رہائش پر چھاپے ماریں گے اور اس بات کا اطمینان حاصل کیا جائے گا کہ نئے قواعدوضوابط نافذ کیے جا رہے ہیں یا نہیں خلاف ورزی ریکارڈ پر آنے کے بعد اجتماعی رہائش سربمہر بھی کی جاسکتی ہے-
وزارت کا کہنا ہے کہ اجتماعی رہائش کے مالکان پر خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کا فیصلہ وزیر بلدیاتی امور کریں گے-
وزارت بلدیات نے اطمینان دلایا کہ اگر کسی کو اپنے خلاف کسی فیصلے پر اطمینان نہ ہو تو وہ محکمہ جاتی عدالت سے رجوع کرکے فیصلے کے خلاف شکایت درج کراسکتا ہے یہ اس کا قانونی حق ہوگا-
وزارت بلدیات کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی زونز اینڈ انڈسٹریل سٹی اتھارٹی اینڈ جبیل ینبع رائل کمیشن اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں اجتماعی رہائش کے حوالے سے تکنیکی ضوابط متعین کریں گے-
وزارت بلدیات نے بتایا کہ اجتماعی رہائش کے مالک یا کرایہ دار کے حوالے سے خلاف ورزیوں اور جرمانوں کی فہرست جلد جاری کر دی جائے گی-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: