Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج مقامات میں داخلہ، دو ہزار افراد گرفتار

خلاف ورزی کرنے والوں پر فی کس دس ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں حج سیکیورٹی فورس کے ترجمان نے کہا ہے کہ غیرقانونی طریقے سے عرفات میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دو ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔  
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی حکومت نے تنبیہ جاری کر رکھی ہے کہ حج ایام میں کسی بھی سعودی یا غیرملکی کو حج اجازت نامے کے بغیر منی، مزدلفہ، عرفات اور مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں جو شخص بھی اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا اسے سزا دی جائے گی۔ 
حج سیکیورٹی فورس کے ترجمان نے بتایا کہ دراندازی کی کوشش کرنے والے غیر قانونی  طریقے سے حج کرنا چاہتے تھے۔ اب ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔  

ترجمان نے بتایا کہ اب ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔(فوٹو ایس پی اے)

سعودی حکومت اپنے سابقہ انتباہ کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں پر فی کس دس ہزار ریال جرمانہ کرے  گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں میں سے غیرملکیوں کو سعودی عرب سے بے دخل کردیا جائے گا اور انہیں بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی ہزار افراد حج مقامات پر دراندازی کرتے ہوئے پکڑے جاچکے ہیں۔  
سعودی حکومت امسال حج مقامات کے اطراف سیکیورٹی حصار قائم کیے ہوئے ہے۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مزید احتیاطی تدبیر کے طور پر ہیلی کاپٹروں سے پورے علاقے کی چوبیس  گھنٹے نگرانی کی جاتی رہی۔ 

شیئر: