Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے نئے کیسز مسلسل 900 سے کم

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 99 افراد صحت یاب ہوئے ہیں (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں حکام کے مطابق کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد 900 سے بھی کم رہ گئی ہے۔ 
جمعے کو وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز 822 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 19 ہزار 141 ہو گئی ہے۔
 سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 99 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک دو لاکھ 95 ہزار 63 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کورونا کی وبا سے 33 افراد ہلاک ہوئے۔ اموات کی مجموعی تعداد چار ہزار 15 ہو چکی ہے۔
مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 20 ہزار 63 ہے جن میں سے ایک ہزار 484 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد جدہ اور مکہ میں رہی جہاں 48 ،48 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
دمام میں 54، ریاض 41، مدینہ 40، الھفوف 36، عرعر 35، ظہران 34، ینبع 21، جبیل 19، رفحا 19، قطیف 17، الخبر 16، المبرز 15، حائل 15، تبوک 14، ابہا 12 اور خمیس مشیط میں 11 کیسز کا پتا چلا ہے۔

اس وقت سعودی عرب میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 20 ہزار 63 ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

اعداد و شمار کے مطابق 21 شہروں میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک، 12 شہروں میں 2، 2 اور 13 شہروں میں 3،3 جبکہ 7 شہروں میں 4،4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
 وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے اب تک 50 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کیا جائے۔ گھر سے باہر جاتے وقت ماسک لازمی طور پر استعمال کریں۔
 ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں کمی کی وجہ یہ ہے کہ مقامی شہری اور مقیم غیرملکیوں میں نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی بہتر ہوئی ہے۔ 

شیئر: