Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی استاد کی ڈائلاسز کے دوران آن لائن کلاس

سوشل میڈیا پر صارفین نے سعودی استاد کو سراہا ہے(فوٹو عاجل)
سعودی استاد نے ڈائلاسز کے دوران بھی آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا۔ وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر صارفین نے سعودی استاد کو سراہا ہے جو چار گھنٹے تک ڈائلاسز کے دوران بھی اپنے طلبہ کو نہیں بھولا۔ وڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈائلاسز کے دوران سعودی استادخالد عکاش ’مدرستی‘ پلیٹ فارم پر ٓٓن لائن کلاس لے رہے ہیں اور طلبہ کو دھیمے لہجے میں سمجھا رہے ہیں۔
خالد عکاش نے بتایا کہ دراصل مجھے سکول انتظامیہ نے پیشکش کی تھی کہ کلاس کا وقت تبدیل کرلوں۔ طلبہ کو بھی علم تھا کہ گردے کی صفائی کے دوران آن لائن کلاس لینا مشکل ہے مگر مجھے اچھا نہیں لگا کہ بچوں کا نقصان ہو۔ 
خالد عکاش نے ڈائلائسز کے دوران کلاس جاری رکھنے کا سبب یہ بھی بتایا کہ ایمانداری کی بات یہ ہے کہ یہ فیصلہ اس لیے لے سکا کیونکہ کلاس کا تعلق قرآن کریم کی تلاوت اور قرآت سے تھا۔ طلبہ کو میری مشکل معلوم تھی۔ وہ یکے بعد دیگرے قرآن کریم کی تلاوت کرتے رہے میں انہیں سنتا رہا جہاں غلطی ہوتی تھی اس کی اصلاح کرتا رہا۔ ایک طرح سے قرآن کریم کی تلاوت اور تجوید کا درس میرے لیے روحانی سکون کا باعث بن گیا۔ 
سعودی استاد نے بتایا کہ کلاس لینے کا مجھے ایک فائدہ یہ ہوا کہ طلبہ میں ذمہ داری کا احساس بڑھ گیا۔ میں نے محسوس کیا کہ طلبہ کے ساتھ میرا رشتہ اور زیادہ گہرا ہوگیا ہے۔ طلبہ نے احساس کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر دنوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر شکل میں قرآن کریم کی تلاوت کااہتمام کیا۔ 
خالد عکاش نے بتایا کہ  گزشتہ 8 برس سے گردے کی تکلیف میں مبتلا  ہوں۔ شروع میں بے حد مشکل ہوتی تھی درد سے تڑپ جاتا تھا مگر اب مجھے عادت ہوگئی ہے۔ گزشتہ ایک برس سے ہفتے میں 3 بار گردے کی صفائی ہوتی ہے۔ اس میں ساڑھے چار گھنٹے صرف ہوتے ہیں۔ 

شیئر: