Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کے حملے بین الاقوامی قانون کے منافی: او آئی سی

او آئی سی نے جازان پر گولہ باری کی مذمت کی ہے(فوٹو ٹوئٹراو آئی سی)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے جازان پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کی گولہ باری کی مذمت اور سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
حوثیوں نے جازان کی الحرث کمشنری کے ایک قریے پر حملہ کیا تھا جس سے پانچ شہری زخمی اور متعدد شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے سول تنصیبات اور آبادی پر حوثی دہشتگردوں کے حملے کی سخت مذمت کی اور اسے بین الاقوامی انسانی قانون کے منافی قرار دیا۔ 
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اپنی سرحدوں، شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے تحفظ کے لیے سعودی عرب جو اقدامات کرے گا او آئی سی ان کا ساتھ دے گی۔ 
یاد رہے کہ جازان محکمہ  شہری دفاع نے اس سے قبل بیان جاری کرکے بتایا تھا کہ حوثی دہشتگردوں کا ایک  گولہ ایک سرحدی قریے پر آکر گرا تھا جس سے 5 شہری زخمی اور متعدد گاڑیاں متاثر ہوئی تھیں۔ 
محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد الغامدی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اطلاع ملی تھی کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں نے ایک ملٹری پروجیکٹائل جازان کی الحرث کمشنری کے ایک قریے پر داغا ہے ۔
جس سے ایک  گھر کا اگلا حصہ متاثر ہوا۔ تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور  5 شہری گولے کے ٹکڑے لگنے سے زخمی ہوگئے۔

شیئر: