Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محدود پروازیں، اقامہ کی مدت ختم ہونے والے مسافر پریشان

سعودی عرب کی جانب سے فضائی سفر پر جزوی طور پر پابندی ہٹائی جانے کے بعد پاکستان سے اقامہ ہولڈرز کی بڑی تعداد مملکت جانے کی خواہش مند ہے لیکن محدود پروزوں کے باعث مسافروں کو ٹکٹوں کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔  
پی آئی اے دفاتر کے سامنے مسافروں کی ایک بڑی تعداد ٹکٹ کے حصول کی کوشش میں لمبی قطاروں میں موجود ہے۔  
خیبر پختونخوا کے علاقے تربیلہ غازی کے معظم خان سعودی عرب کی ٹکٹ کے لیے پی آئی اے اسلام آباد کے دفتر کے باہر گذشتہ چار روز سے آرہے ہیں لیکن تاحال ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ 
معظم خان کہتے ہیں کہ ’پی آئی اے کی انتظامیہ ٹکٹ بک کروانے کے لیے تین، تین ٹوکن دے دیتی ہے لیکن ٹکٹ نہیں ملتا۔ میرے اقامے کی معیاد 30 ستمبر کو ختم ہو جائے گی، اگر ٹکٹ نہ ملا تو شدید مسائل سے دو چار ہو جاؤں گا۔‘  
سعودی عرب جانے والے مسافروں کی جانب سے یہ الزامات بھی عائد کیے جارہے ہیں کہ پی آئی اے کے ٹکٹس بلیک میں فروخت کیے جار ہے ہیں۔  
خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام سے آئے محمد خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا ویزہ 30 ستمبر کو ختم ہو رہا ہے۔ میں ڈیڑھ لاکھ روپے دینے کے لیے بھی تیار ہوں لیکن مجھے ٹکٹ نہیں مل رہا۔ ٹریول ایجنٹس سے بھی بات کی ہے لیکن ٹکٹ بلیک مارکیٹ میں دو لاکھ روپے سے زائد کے مل رہے ہیں۔‘  
ادھر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کا موقف ہے کہ ’ہمیں مسافروں کی مشکلات کا ادراک ہے اور اس سلسلے میں پروازوں میں بھی اضافہ کیا جا چکا ہے اس کے باوجود مسافروں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ ٹکٹس کے حصول میں مشکلات ہیں۔‘  

 پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق 27 ہزار پاکستانی پی آئی اے سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پی ائی اے کے ترجمان عبداللہ خان حفیظ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی حکام کی جانب سے جیسے ہی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے مسافروں میں افراتفری مچ گئی ہے، جس کی وجہ سے ٹکٹس کا حصول مشکل ہو چکاہے۔  جن مسافروں کے اقامے کی معیاد ختم ہونے میں ابھی مہینے بھی باقی ہے وہ بھی ٹکٹ لینے کی خواہش رکھتے ہیں۔‘ 
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اب تک 27 ہزار پاکستانی پی آئی اے کی پروازوں سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔  
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم توقع کر رہے ہیں کہ دفتر خارجہ کے ذریعے سعودی حکام سے اقاموں کی معیاد میں توسیع کے لیا درخواست کریں گے۔‘  
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ’پی آئی اے 50 فیصد ٹکٹس ایجنٹس اور 50 فیصد ٹکٹس اپنے کاونٹرز کے ذریعے فروخت کر رہا ہے اور ہماری مسافروں سے درخواست ہے کہ کوئی بھی ایجنٹ مہنگے ٹکٹس فروخت کر رہا ہے تو اس کی شکایت کریں، ہم اس معاملے پر ضروری کارروائی کریں گے۔‘  
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: