Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کو سعودی عرب کے لیے مزید پروازوں کی اجازت

اس وقت پی آئی اے جدہ، دمام، ریاض اور مدینہ منورہ کے لیے پروازیں آپریٹ کررہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی حکام کی جانب سے پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو مملکت کے لیے مزید سات اضافی پروازوں کی اجازت مل گئی۔
پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ سات پروازیں گزشتہ روز ملنے والی 21 پروازوں کے علاوہ ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیر ہوابازی کے حکم پر سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے ہدایات جاری کردیں کہ پی آئی اے کے تمام دفاتر بروز ہفتہ اور اتوار صبح 9 بجے تا شام 6 بجے تک کھلے رکھیں جائیں۔
ترجمان کے مطابق مزید پروازیں سسٹم میں کھولی جارہی ہیں جس سے نشستوں کی دستیابی سب  کے لیے آسان ہو جائے گی ۔
اس وقت پی آئی اے جدہ، دمام، ریاض اور مدینہ منورہ کے لیے پروازیں آپریٹ کررہا ہے۔
ترجمان کے مطابق زیادہ تر پاکستانیوں کے اقاموں کی مدت 30ستمبر کو پوری ہورہی ہے۔
خیال رہے پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے سعودی عرب کے لیے مزید پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کے لیے وزیر اعظم سے درخواست کی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے اس کردار کی وجہ سے پاکستانی روزگار کے لیے باآسانی سعودی عرب جاسکیں گے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں جزوی طور پر فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد  پاکستان ایئرلائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعے بہت سے اقامہ ہولڈرز اور ملازمت پیشہ پاکستانی سعودی عرب واپس پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
اس سلسلے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازوں میں اضافہ بھی کیا ہے تاہم تاحال بہت سے اقامہ ہولڈرز ٹکٹوں کی عدم دستیابی یا بلیک میں فروخت کی شکایت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پی آئی اے انتطامیہ نے اس قسم کے کسی عمل کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پروازوں کے ٹکٹس سب کے لیے سسٹم میں فروخت کی لیے کھلتے ہیں اور اکھٹے دستیاب ہوتے ہیں اور ایسا کہنا کہ ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت ہو رہی ہے درست نہیں۔

 

شیئر: