دوسرے گھر سعودی عرب میں خیرمقدم: جدہ میں چھٹی حج کانفرنس و نمائش کا افتتاح
پہلے دن آٹھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے اتوار کی شام جدہ سپر ڈوم میں چار روزہ چھٹی حج کانفرنس و نمائش کا افتتاح کیا۔
ایس پی اے کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کے زیر اہتمام ’مکہ سے دنیا تک‘ کی تھیم کے تحت یہ ایونٹ پِلگرم ایکسپیریئنس پروگرام کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں شاہی شخصیات، حج وفود کے سربراہوں اور دنیا بھر سے حج دفاتر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کانفرنس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔
نائب گورنر مکہ ریجن نے کانفرنس کے افتتاح کے بعد نمائش کا دورہ کیا۔ عازمین کی خدمات کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی، سمارٹ سلوشنز کا جائزہ لیاِ۔ انہوں نے سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے کانفرنس کے شرکا کا ان کے دوسرے گھر سعودی عرب میں خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عازمین اور زائرین کی خدمت کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ عازمین کی مملکت آمد سے لے کر واپسی تک کے سفر کو آسان بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
مملکت حج نظام اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

کانفرنس کے پہلے دن نائب گورنر مکہ کی موجودگی میں آٹھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے
یاد رہے کہ کانفرنس میں 150 سے زائد ملکوں اور 520 سے زیادہ سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے نمائندوں کی شرکت کر رہے ہیں۔
یہ عالمی اجتماع حج خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے، انتظامی استعداد بڑھانے اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تجربات اور جدید حل کے تبادلے کا اہم پلیٹ فارم ہوگا۔
کانفرنس کے ساتھ 67 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر محیط خصوصی نمائش منعقد کی جا رہی ہے جس میں ہوابازی، ٹرانسپورٹ، رہائش، صحت، انفرا سٹرکچر، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت سے متعلق ادارے اپنی خدمات اور جدید سہولتیں پیش کر رہے ہیں۔

کانفرنس میں 15 سے زائد خصوصی زونز اور پروگرام شامل ہیں جن میں حج کانفرنس، حج کونسل، بزنس سینٹر، انٹرپرینیورشپ اینڈ انوویشن زون اور ہیکاتھون قابل ذکر ہیں۔
کانفرنس کے دوران خصوصی مباحثوں، ورکشاپس، گول میز اجلاسوں اور کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا رہا ہے جن کے ذریعے مختلف ممالک کے حج حکام اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور آئندہ حج سیزن کے لیے انتظامات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

کانفرنس و نمائش عازمین کی خدمت کے لیے سعودی اعلی قیادت کی خصوصی توجہ کا تسلسل اور حج خدمات کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور معیار کو بلند کرنے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے گزشتہ برس ہونے والی کانفرنس و نمائش میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے زائد تھی جبکہ 150 سے زیادہ ممالک سے تعلق رکھنے 270 نمائش کنندگان شریک ہوئے۔ کانفرنس کے دوران 134 اجلاس اور ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا۔
