Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں شیخ صباح کی غائبانہ نماز جنازہ

سابق امیر کویت کو الصلیفیخات قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ (فوٹو عاجل)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعریز کی ہدایت پر سابق امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی غائبانہ نماز جنازہ بدھ کو عشا بعد مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں ادا کی گئی ہے۔ 
شاہ سلمان نے اس سے قبل ٹو ئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر تحریر کیا تھا کہ ’میں شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر اپنے پیارے بھائی، اچھے دوست اور قد آور رہنما سے محروم ہوگیا ہوں‘۔
’میرے دل میں ان کی بڑی قدر ہے۔ جس کے وہ بجا طور پر مستحق ہیں۔ تاریخ ان کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وہ اپنی زندگی ملک و قوم اور امت مسلمہ کے لیے وقف کیے ہوئے تھے۔ اپنے کویتی بھائیوں سے اس سانحہ پر تعزیت کرتا ہوں‘۔  

شیخ صباح کا جسد خاکی امریکہ سے کویت لایا گیا تھا۔(فوٹو عرب نیوز)

کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق شیخ صباح کو بدھ کو الصلیفیخات قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ 
اس سے قبل بلال بن رباح جامع مسجد میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ 
نماز جنازہ میں شاہی خاندان کے افراد اور خلیجی ممالک کی اہم شخصیات ہی شریک تھیں۔ نماز جنازہ کے بعد میت تدفین کے لیے الصلیفیخات قبرستان لے جائی گئی۔
شیخ صباح  کا جسد خاکی امریکہ سے کویت ایئرپورٹ پر بدھ کو ہی لایا گیا تھا۔ 
شیخ صباح الاحمد کی عمر 91 سال تھی اور وہ جولائی میں علاج کےلیے امریکہ گئے تھے۔ 

شیئر: