Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر شمالی حدود ریجن سے پاکستانی سفیر کی ملاقات

’سعودی عرب وژن 2030 کی کامیابی کے لیے پاکستانی ہنر مندوں کی مہارت سے فائدہ اٹھائے گا‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے شمالی حدود ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود سے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے ملاقات کی ہے۔
گورنریٹ سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق شہزادہ فیصل اور پاکستانی سفیر کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
 شمالی حدود ریجن کے دارالحکومتی شہر عرعر میں گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے اور کثیر الجہتی تعلقات کو سراہا ہے۔
انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے مملکت کی ترقی کے لیے ادا کیے گئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب وژن 2030 کی کامیابی کے لیے پاکستانی ہنر مندوں کی مہارت سے فائدہ اٹھائے گا۔

شہزادہ فیصل نے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے اور کثیر الجہتی تعلقات کو سراہا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)

سفیر پاکستان نے ملاقات کے دوران  گرم جوشی اور مہمان نوازی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گورنر کو پاکستانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین اور بھائی چارے کے تعلقات ہیں جو ہرمشکل دور میں قائم رہے ہیں۔
سفیر نے گورنر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی ہے۔
 ملاقات کے آخر میں روایتی تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔

شیئر: