Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کے لیے ایس او پیز

سعودی عرب آئندہ اتوار سے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کا خیر مقدم کرے گا اور ہر ہفتے دس ہزار عمرہ زائرین کی آمد متوقع ہے۔
 اتوار یکم نومبر 2020 سے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچیں گے۔
مملکت میں تقریباً 500 عمرہ کمپنیوں کو ریلیف ملے گا جو کورونا بحران سے متاثر ہوئی ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے تمام عمرہ کمپنیوں و اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے استقبال کے سلسلے میں مقررہ قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔ 
وزارت حج و عمرہ نے خارجی عمرہ زائرین کے لیے ایس او پیز جاری کردیے ہیں جن کے تحت 18 برس سے 50 برس عمر والوں ہی کو عمرہ پر آنے کی اجازت ہوگی۔ زائرین کو پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرکے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کووڈ 19 وائرس سے پاک ہیں۔ سرٹیفکیٹ زائر کے ملک میں ایسے ادارے ہی کا قابل قبول ہوگا جو مملکت کے سسٹم پر ہیں۔ 
پی سی آر سرٹیفکیٹ کے حوالے سے ایک بنیادی شرط یہ بھی ہے کہ ٹیسٹ کے لیے نمونہ لینے اور زائر کے سعودی عرب پہنچنے پر 72 گھنٹے سے زیادہ نہ گزرے ہوں۔
وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے حوالے سے مزید کئی پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں مثلا مسجد الحرام میں عمرہ اور نماز نیز مسجد نبوی کی زیارت اور روضہ شریفہ میں نماز کے لیے پیشگی بکنگ کرانا ہوگی۔
یہ بکنگ اعتمرنا ایپ کے ذریعے کرائی جائے گی۔ ہر عمرہ زائر کے پاس مملکت سے وطن واپسی کا کنفرم ٹکٹ ہونا بھی ضروری ہے۔ 
یہ بھی پابندی لگائی گئی ہے کہ رہائش کی  بکنگ کے ساتھ ناشتہ، ظہرانہ اور عشائیہ تین وقت کے کھانے کی سروس بھی حاصل کی گئی ہو۔ کم از کم تین دن تک ہیلتھ آئسولیشن کے دوران رہائش اور کھانے کی پابندی لازمی ہوگی۔  
عمرہ زائرین کو مملکت آمد سے لے کر واپسی تک قیام کے دوران ایس او پیز سے آگاہ کرنا بھی عمرہ کمپنی و ادارے کی ذمہ داری ہے۔  

کہ ٹیسٹ کے لیے نمونہ لینے اور زائر کے سعودی عرب پہنچنے پر 72 گھنٹے سے زیادہ نہ گزرے ہوں: فائل فوٹو 

عمرہ کمپنی اور ادارے پر یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ زائر کے پاسپورٹ کی معلومات اور پیدائش کی تاریخ کا اندراج کرائے۔
آمد سے کم ازکم  34 گھنٹے  قبل تمام کوائف کا اندراج کرادیں۔ زائر کے ٹکٹ سے متعلق تفصیلات کا اندراج بھی ضروری ہوگا۔  
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
ہر گروپ 50 زائرین پر مشتمل  ہوگا۔ عمرہ کمپنی کو ہر گروپ کا گائڈ متعین کرنا ہوگا جبکہ ٹکٹ، رہائش اور ٹرانسپورٹ کا مکمل پیکیج بھی بک کرنا ہوگا۔ 

 اتوار یکم نومبر 2020 سے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچنے لگیں گے: فائل فوٹو

وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی عمرہ کمپنی ہی عمرہ زائر کے پیکیج میں مذکور خدمات پیش کرنے اور اس کی تعمیل  کرانے کی ذمہ دار ہوگی۔ کسی بھی کمی یا گڑبڑ کی اصلاح بھی اسی کے ذمے ہوگی۔ 
وزارت حج کا کہنا ہے کہ وزارت صحت اور وزارت خارجہ کے تعاون سے ان ملکوں کی فہرست تیار کر رہے ہیں جہاں سے عمرہ زائرین آئیں گے۔ ان کی تعداد کا فیصلہ بھی اسی طرح کیا جارہا ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: