Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراقی سرحد پر جدیدہ عرعر چیک پوسٹ 30 سال بعد کھول دی گئی

سعودی عرب میں حدود شمالیہ ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے بدھ کو عراق کی سرحد پر واقع جدیدہ عرعر چیک پوسٹ کا افتتاح کیا ہے۔
اس موقع پر عراقی وزیر داخلہ عثمان الغانمی اور دیگر حکام  بھی موجود تھے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن خالد نے عراقی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نےعراقی قائدین اور عوام کے لیے خیر سگالی کا پیغام بھیجا ہے اور یہ پیغام پیش کرتے ہوئے مجھے مسرت محسوس ہو رہی ہے‘۔

عراقی وزیر داخلہ اور دیگر حکام  بھی موجود تھے۔(فوٹو ایس پی اے)

سعودی گورنر نے کہا کہ ’عراق اور سعود ی عرب کے تعلقات تاریخی اور گہرے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ یہ چیک پوسٹ سعودی عرب اور عراق کے درمیان تجارتی تعاون کا پل ثابت ہو‘۔
اس حوالے سے سعودی عراقی رابطہ کونسل  کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
جدیدہ عرعر چیک پوسٹ 30 برس بند رہنے کے بعد جد ید خطوط پر استوار کرکے بحال کی گئی ہے۔ اس کی منظوری ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے دی تھی۔
سبق ویب کے مطابق اس کا افتتاح ایسے موقع پر کیا گیا ہے جبکہ عراق اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی لین دین کو فروغ دینے کے لیے تجارتی اشیا کا سب سے بڑے سینٹر کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان شاندار تعلقات کی تاریخ پھر زندہ ہوگی۔(فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ کویت پر عراق کی لشکر کشی کے بعد 1990 میں چیک پوسٹ کو بند کردیا گیا تھا۔
عراقی وزیر داخلہ عثمان الغانمی نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ ہے۔ اس کی بدولت تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مضوبط ہوں گے۔
دونوں ملکوں کے درمیان شاندار تعلقات کی تاریخ پھر زندہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار 1972 میں جدید عرعر چیک پوسٹ کھولی گئی تھی جسے 1990 میں بند کرد یا گیا تھا تاہم حج اور عمرہ زائرین کے لیے جزوی طور پر اسے کھولا جاتا تھا۔ آج کا دن اس حوالے کے تاریخی ہے۔

شیئر: