Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ: کلاک ٹاور بادلوں میں چھپ گیا

کلاک ٹاور میں 21 ہزار کے قریب ایل ای ڈیز لگائی گئی ہیں (فوٹو، سبق نیوز)
سعودی عرب کے متعددشہروں میں جمعرات سے بارشوں کا آغاز ہو گیا۔ مکہ مکرمہ ، جدہ ، مدینہ منورہ ، طائف اور دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی۔
بارش سے قبل کالی گھٹاوں کی وجہ سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا تھا۔ مکہ مکرمہ میں گھنے بادلوں کی وجہ سے ’مکہ کلاک ٹاور‘ بادلوں میں چھپ گیا۔
بادلوں نے کلاک ٹاور کو مکمل طور پر اپنے اندرچھپا لیا تھا جس کی وجہ سے ٹاور کے نیچے سے اسکا بلند حصہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔

کلاک ٹاور کے میوزیم میں نظام شمسی کی مجسم عکاسی کی گئی ہے(فوٹو،ٹوئٹر)

معروف فوٹوگرافر ’بجاش ‘ نے بادلوں میں گھرے کلاک ٹاور کی تصاویر لیں جو انتہائی خوبصورت منظر پیش کررہی تھیں۔
یاد رہے کلاک ٹاور کی تعمیر2013 میں مکمل ہوئی تھی اس کی بلندی 607 میٹر ہے جبکہ ٹاورکی چھت پر سہنرا ہلال بنا ہے جس میں نصب خصوصی لائٹیں میلوں دور سے دکھائی دیتی ہیں۔
کلاک ٹاور میں تقریبا 21 ہزار ایل ای ڈیز نصب کی گئی ہیں جو ہر اذان کے وقت روشن ہوتی ہیں جس سے دور سے ہی انہیں دیکھ کر نماز کے وقت کا پتا چل جاتا ہے۔
مکہ کلاک ٹاور میں میوزیم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں نظام شمسی کی مجسم عکاسی کی گئی ہے جبکہ کائنات، کہکشاں اور وقت کے تعین کےلیے نظام شمسی کی گردش کو بیان کرنے کےلیے جدید ترین طریقوں کے ذریعے وضاحت کی گئی ہے۔
واضح رہے ہر سال موسم برسات میں مکہ کلاک ٹاور بادلوں میں چھپ جاتا ہے ۔ ٹاور کا بلند حصہ جہاں نصب ہلال بادلوں سے اوپر ہوتا ہے جبکہ عمارت کا باقی حصہ نیچے ۔یہ خوبصورت منظر ہر سال دیکھا جاتا ہے جسے لوگ اپنے کیمروں میں محفوظ کرلیتے ہیں۔

شیئر: