Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پر’’عطائے وطن‘‘پروگرام

 مملکت میں مرد اور خواتین رضاکاروں کی تعداد 10لاکھ تک پہنچائی جائے گی۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں  رضاکاروں کا عالمی دن منایا گیا ہے۔  اس موقع پر’’ سعودی یومِ رضاکار‘‘ کا آغاز بھی کیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس کا مقصد رضاکارانہ کاموں کی اقدار کو مضبوط و مستحکم بنانا ہے۔
یہ سعودی وژن2030  کے اہداف میں شامل ہے جس کے تحت رواں دہائی کے آخر تک مملکت میں مرد اور خواتین رضاکاروں کی تعداد 10لاکھ تک پہنچائی جائے گی۔

سعودی یوم رضاکار2020 کے حوالے سے وزارت نے کئی نئے اقدام کئے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)

اس موقع پر’’عطائے وطن‘‘کے زیر عنوان ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کو انسانی وسائل کی وزارت اور سماجی شعبے کا تعاون حاصل ہے۔
عطائے وطن پروگرام  کا اہتمام مملکت کے تمام علاقوں میں کیا جائے گا۔  جس کے تحت فرد اور معاشرے پر رضاکارانہ خدمات کے مثبت اثرات کے بارے میں آگہی کوفروغ دیا جائے گا۔

رضاکاروں کے پروگرام کو وزارت انسانی وسائل اور سماجی شعبے کا تعاون حاصل ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

رواں سال سے شروع ہونے والا ’’عطائے وطن‘‘ پروگرام مسلسل 3 سال تک منعقد کیا جائے گا۔  وزارت اس پروگرام کے ذریعے رضاکارانہ خدمات کو فروغ دے گی۔ اس کے ساتھ ہی ایک گائیڈ بک بھی جاری ہوگی۔
’’سعودی یوم ِرضاکار‘‘ وزارت کے ان اقدامات کا حصہ ہے جو رضاکارانہ خدمات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں 31 مارچ کو رضاکارانہ کام کے پلیٹ فارم کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔
وزارت  نے سعودی یوم رضاکار2020 کے حوالے سے متعدد نئے اقدامات کئے ہیں۔  ان میں صحت سے متعلق آگہی شامل ہے۔
یہ پروگرام  وزارتِ صحت کے تعاون سے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کا ہدف پورا سعودی معاشرہ ہے۔
وزارت ہاؤسنگ کے تعاون سے رہائشوں اور عمارتوں کی برقراری اور بحالی  کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد ضرورت مند خاندانوں اور کم آمدنی والے لوگوں کے گھروں کی مرمت،  انہیں مضبوط کرنا اور  ان گھروں میں جدت پیدا کرنا  شامل ہے۔
 اس کے علاوہ عوامی مقامات پر اسکولوں اور مساجد جیسی عمارتوں کی برقراری اور آرائش بھی اس کے مقاصد کا حصہ ہے۔
وزارت نے جنگل اُگانے کا منصوبہ بھی متعارف کرایا ہے جس کا مقصد جنگلات کو تباہی سے بچانے کیلئے وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو فروغ دینا اور 2020 میں سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 12ملین یعنی ایک کروڑ 20لا کھ درخت لگانا ہے۔
یہ اقدام مختلف زرعی سوسائٹیز،پلانٹ نرسریوں، مختلف فارمز، سکاؤٹ گروپس، مختلف جامعات کی رضاکار ٹیموں، تعلیمی منتظمین اور  رضاکار سوسائٹیز کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی رضاکار یوم ایک  عالمی ایونٹ ہےجو 1985میں اقوام متحدہ نے شروع کیا تھا۔  یہ دن ہر سال 5 دسمبر کو منایاجاتا ہے۔
اس کا مقصد دنیا بھر میں رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ،ان کی جانب سے جاری رکھی جانے والی خدمات اورکوششوں پر ان سے اظہار تشکرکرنا اور  رضاکارانہ خدمات کے کلچر کو استحکام بخشنا ہے۔
 
 

شیئر: