Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماؤنٹ ایورسٹ کی نئی پیمائش، بلندی میں ایک میٹر اضافہ

دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کی نئی مشترکہ اور آفیشل اونچائی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ایک برس تک جاری رہنے والے جائزے کے عمل کے بعد چین اور نیپال نے اعلان کیا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی آٹھ ہزار 848.86 میٹر ہے۔
نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ کمار، لینڈ مینیجمنٹ منسٹر پدما کیماری اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی سے متعلق باقاعدہ اعلان ایک آن لائن تقریب کے دوران منگل کو کیا۔
اب تک چین کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی 29 ہزار 17 فٹ جب کہ نیپال کی جانب سے قدرے زیادہ کر کے 29 ہزار 28 فٹ بتائی جاتی تھی۔
پہاڑ کی نئی بلندی سے متعلق اعلان کی آن لائن تقریب کے لیے نیپال کے محکمہ سروے نے جو دعوت نامہ دیا تھا اس میں تحریر تھا کہ ’ہم نئی بلندی سے متعلق اعلان کے لیے ایک تقریب کی میزبانی کر رہے ہیں‘۔

ماؤنٹ ایورسٹ کی نئی بلندی کا اعلان چین اور نیپال نے مشترکہ طور پر کیا (فوٹو:اے ایف پی)

نیپال کی جانب سے دنیا کے سب سے بلند پہاڑ کی اوبچائی ماپنے کی کوششوں کا آغاز اس وقت کیا گیا جب یہ اطلاعات عام ہونا شروع ہوئیں کہ 2015 میں علاقے کو جھجھنوڑ دینے والے زلزلے کے بعد اس چوٹی کی بلندی آٹھ ہزار 848 میٹر نہیں ہے۔
اس سلسلے میں ٹیم تعینات کرتے وقت نیپالی حکومت نے چین سے بھی رابطہ کیا۔ 2019 میں چینی صدر کے دورہ نیپال کے وقت دونوں ملکوں نے ایک معاہدہ کیا تھا کہ دنیا کی سب سے بلند چوٹی کی اونچائی کا اعلان مشترکہ طور پر کیا جائے گا۔
اس سے قبل 1954 میں انڈین ادارے سروے آف انڈیا کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی کو آٹھ ہزار 848 میٹر بلند قرار دیا گیا تھا۔ اب تک اسی اونچائی کو تسلیم کیا جاتا رہا ہے۔

شیئر: