فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی کارروائیاں، خلاف ورزیوں میں کمی
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی کارروائیاں، خلاف ورزیوں میں کمی
پیر 21 دسمبر 2020 5:42
راوں ہفتے صرف 15 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے تجارتی خلاف ورزیوں کا تناسب گذشتہ ہفتے سے 68 فیصد کم رہا۔
ویب نیوز سبق نے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف ریجنز میں اتھارٹی کی تفتیشی کارروائیوں کی وجہ سے تجارتی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ٹوئٹر پر مزید کہا گیا ہے کہ اتھارٹی کی تفتیشی ٹیمیں مختلف شہروں اور قصبوں کا مسلسل دورہ کرتی ہیں تاکہ خلاف ورزیوں کا تدارک کیا جاسکے۔
گذشتہ ہفتے اتھارٹی کی جانب سے اشیائے خوردونوش، واٹر پلانٹس، ادویات اور دیگر مصنوعات کے حوالے سے دکانوں اور تجارتی اداروں پر خلاف ورزیوں پر چالان کیے گئے تھے جبکہ متعدد اداروں کو انتباہی نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے جس کے سبب مارکیٹ کے حالات میں کافی بہتری آئی ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے مملکت کے مختلف شہروں میں صرف 15 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں جو گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں 68 فیصد کم رہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مارکیٹوں کے دوروں میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ لوگ قواعد پر سختی سے عمل کریں۔