Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ اجلاس: ملکی و بین الاقوامی حالات پر غور

سعودی کابینہ اجلاس میں 7 قرار دادیں منظور کی گئیں- (فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سربراہی میں سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس منگل کی شب منعقد ہوا۔ 
آن لائن اجلاس میں موجودہ بجٹ کے علاوہ کورونا کی وبا کے حوالے سے حکومت کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی گئی- علاوہ ازیں ملکی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کابینہ اجلاس میں تیل پیدا کرنے والے ممالک کے مابین تعاون کے معاہدے اورعالمی سطح پر تیل کی منڈیوں میں استحکام پیدا کرنے کے لیے سعودی، روسی حکومتی کمیٹی کی ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
موجودہ بجٹ میں کورونا کے حوالے سے حکومتی کوششوں کو بیان کیا گیا جس کے ذریعے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ’کورونا‘ کی وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے جامع منصوبے مرتب کیے گئے ۔علاوہ ازیں اس وبا کی وجہ سے معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات کو کم کرنے اور معاشی ترقی کو بہتر بنانے کے منصوبے بھی زیر بحث آئے۔ 

تیل کے نئے ذخائر دریافت ہونے پر مبارکباد دی گئی- (فوٹو ایس پی اے)

کابینہ اجلاس میں خلیج تعاون کونسل کے تحت آئندہ منگل کو منعقد ہونے والے 41 ویں سربراہی اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے اجلاس کے شرکا کو خوش آمدید کہا گیا۔ 
اجلاس میں سعودی بحرینی رابطہ کونسل کے پہلے اجلاس کی کارروائی کو بھی سراہا گیا جو ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزکی سربراہی میں منعقد کیا گیا تھا جس میں دونوں برادر ممالک میں مختلف امور پر اتفاق کیا گیا تھا۔  
 کابینہ کے اجلاس میں سعودی، روسی حکومتی کمیٹی کی کارکردگی کوسراہا گیا جس میں دوطرفہ تجارتی، اقتصادی، تعلیمی اور فنی معاملات پر باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا تھا۔ دوطرفہ کمیٹی نے باہمی سرمایہ کاری اور مشترکہ صنعتی منصوبوں میں وسیع تر تعاون پر بھی اتفاق کیا تھا۔ 
سعودی کابینہ کے اجلاس میں مملکت میں تیل اور گیس کے مزید ذخائر دریافت ہونے پر بھی مبارک باد پیش کی گئی۔ 
کورونا کے حوالے سے پیش کی جانے والی رپورٹ پر تفصیلی بحث کی گئی جس میں کورونا کی نئی تبدیل ہونے والی شکل سے سعودی عرب کے شہریوں اور یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کو محفوظ رکھنے کی منصوبہ بندی زیر غور آئی- علاوہ ازیں کورونا ویکسین کے حوالے سے جاری مہم پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ 
کابینہ کے اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی غور کیا گیا جن میں سعودی عرب کی جانب سے ’ریاض معاہدے‘ کے دورس نتائج کو اجاگر کیاگیا جس میں یمن کے مسئلے کا سیاسی حل پیش کیا گیا ہے ۔ شرکا نے معاہدے کویمن میں دائمی امن کی بنیادی کلید قرار دیا۔ 
سعودی کابینہ کے اجلاس میں متفقہ طور پر7 قرار دادیں منظور کی گئیں جن میں سعودی عرب اور برازیل کے مابین وزٹ ویزوں کا اجرا۔ 

کابینہ کے اجلاس میں متعدد ترقیوں کی منظوری جاری کی گئی۔ (فوٹو ایس پی اے)

سعودی عرب اور چین کے مابین سمندری پانی کو صاف کرنے کے معاملے کے حوالے سے معاہدے پر پیش رفت کی منظوری دی گئی۔ 
بجلی اور پانی کے نظام کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کو منظور کیا گیا۔ 
مملکت میں ڈیجیٹل اکانامک پالیسی رائج کرنے کی متفقہ طور پرمنظوری دی گئی۔ 
کابینہ کے اجلاس میں متعدد ترقیوں کی بھی منظوری جاری کی گئی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: