Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں فرانس اور جرمنی کی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد

امریکا نے فرانس اور جرمنی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ایئربس کی کئی مصنوعات میں تعاون کے لیے غیر قانونی سبسڈیز دے رہے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ نے طیارہ ساز یورپی کمپنی ایئربس کو دی جانے والی سبسڈی پر طویل عرصے سے چلنے والے تنازع کے تناظر میں فرانس اور جرمنی کی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ کے تجارتی نمائندے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے لاگو کیے گئے ناجائز ٹیکس کے جواب میں کیا گیا ہے۔‘
اس جنگ کا آغاز 2004 میں ہوا تھا جب امریکا نے یورپی یونین کے ممالک پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کی جانب سے ہوائی جہاز بنانے والی یورپی کمپنی ایئربس کو غیر قانونی سبسڈیز دی گئی ہیں۔
 امریکا نے فرانس اور جرمنی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ایئربس کی کئی مصنوعات میں تعاون کے لیے غیر قانونی سبسڈیز دے رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کو مراعات دینے کا سلسلہ بند نہ کیا تو امریکہ بھی یورپی یونین سے 11 ارب ڈالر کی درآمدات پر درآمدی محصولات عائد کرے گا۔
عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) نے گذشتہ سال امریکہ کو یہ اجازت دی تھی کہ وہ یورپین مصنوعات پر سات ارب 50 کروڑ ڈالر کا ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔
امریکہ کے تجارتی نمائندے کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ’یورپی یونین نے اس عرصے کا ڈیٹا استعمال کیا ہے جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی معیشت بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ اس کا نتیجہ یہ تھا کہ یورپ نے کئی مصنوعات پر محصول عائد کیا اگرچہ امریکہ نے یورپی یونین کو آگاہ کیا تھا کہ اس منتخب کردہ عرصے کے برے نتائج ہو سکتے ہیں لیکن پھر بھی اس نے اپنا موقف نہیں بدلا۔‘
امریکہ نے گذشتہ سال یورپی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر یورپی یونین نے ردعمل دیتے ہوئے کسی قسم کے امریکی اقدام سے خبردار کردیا ہے۔
برسلز سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘اگر امریکہ، ڈبلیو ٹی او کی اجازت سے کوئی اقدام اٹھاتا ہے تو وہ یورپی یونین کو اس موڑ کی طرف دھکیل دے گا جہاں ہمارے پاس اسی طرح کا جواب دینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا۔
 گذشتہ سال یورپی یونین نے جولائی میں امریکی مصنوعات پر 35 ارب یورو کا اضافی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

شیئر: