Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلدیہ تبوک کی تفتیشی کارروائیاں، 5 ماہ میں 11 ہزار چالان

مختلف نوعیت کی 11 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں(فوٹو، سبق )
تبوک ریجن کی بلدیہ کی ٹیموں نے گزشتہ 5 ماہ کے دوران اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کے 50 ہزار سے زائد تفتیشی دورے کیے جن میں 11 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
تفتیشی ٹیموں نے ایک ہزار 466 دکانوں کو سیل کیا جبکہ 18 ہزار 306 زائدالمیعاد اور مضرصحت اشیائے خورونوش ضبط کرکے انہیں تلف کیا۔
ویب نیوز’سبق‘ کے مطابق ریجنل بلدیہ کی ٹیموں نے 20 ہزار سے زائد مقامات پر جراثیم کش مواد کا اسپرے بھی کیا جس کی مقدار 20 لاکھ لیٹر رہی۔

تفتیش کا مقصد حفظان صحت کے اصولوں پرعمل درآمد کو یقینی بنانا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

ریجنل بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیموں نے ہوٹلوں اور ریسٹورانٹس کے بھی دورے کیے جہاں کام کرنے والوں کے ’بلدیہ کارڈ‘ جو کہ ادارہ صحت کی جانب سے جاری کیے جاتے ہیں کے حوالے سے بھی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
ہوٹلوں اور ریسٹورانٹس میں صفائی کا خیال نہ رکھنے خاص کر اشیائے خورونوش فروخت کرنےوالی دکانوں میں کام کرنے والے کارکنان کے حوالے سے بھی ٹیموں نے متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کرکے نوٹسز بھی جاری کیے جبکہ سنگین خلاف ورزی پر بعض ریسٹورانٹس کو بھی سیل کیا گیا۔
میونسپلٹی کی جانب سے ریجن کے مختلف مقامات پر آگاہی مہم کے حوالے سے بھی اہم خدمات انجام دی گئی جن میں کورونا سے بچاو کی تدابیر پر مشتمل معلوماتی ہینڈبلز اور سوشل میڈیا پر انتباہی پیغامات بھی ارسال کیے گئے۔

 مہم کے دوران دو لاکھ لیٹر سے زائد جراثیم کش محلول کا اسپرے بھی کیا گیا(فوٹو،ایس پی اے) 

اس ضمن میں بلدیہ کے ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ تفتیشی کارروائیوں کا مقصد شہریوں اور یہاں رہنے والےغیر ملکیوں کوصحت مند اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانےہے اس ضمن میں بلدیہ کی جانب سے ٹول فری نمبر بھی فراہم کیا گیا ہے جس پر غیر کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی کے بارے میں فوری اطلاع فراہم کی جاسکتی ہے

شیئر: