Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی مختلف ریاستوں میں برڈ فُلو، لاکھوں کی تعداد میں مرغیاں، پرندے ہلاک

ہزاروں کی تعداد میں نقل مکانی کرنے والے پرندے برڈ فلو کا شکار ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں خطرناک برڈ فُلو پھیلنے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں مرغیوں کو ذبخ کیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایویئن یعنی برڈ فلو کے باعث انڈیا کی مختلف ریاستوں میں بیشتر پرندے ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہزاروں کی تعداد میں مرغیاں، بطخیں، کوے اور نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی ہلاکت کے بعد انڈیا کی چھ ریاستوں نے دو اقسام کے برڈ فلو کی روک تھام کے لیے کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ 
برڈ فلو کی ان اقسام میں ایچ فائیو این ون اور ایچ فائیو این ایٹ شامل ہیں جن کے جراثیم مختلف پرندوں کے ٹیسٹ کے نتائج میں سامنے آئے ہیں۔
ایچ فائیو این ایٹ برڈ فلو کی ایک ایسی قسم ہے جو پولٹری اور جنگلی پرندوں میں پائی جاتی ہے۔ گذشتہ سال سے اب تک فلو کی یہ قسم مخلتف ممالک میں پھیل چکی ہے۔
انڈیا کی شمالی ریاست ہماچل پردیش کے حکام کے مطابق گذشتہ ہفتے ہمالیہ جھیل کے قریب نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے ڈھانچے پڑے ہوئے ملے تھے۔
ہماچل پردیش کی جنگلی حیات کے سربراہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ گذشتہ ہفتے پونگ جھیل کے مقام پر 2 ہزار 400 سے زیادہ نقل مکانی کرنے والے پرندے مرے ہوئے ملے تھے، جبکہ پیر کے روز مرنے والے پرندوں کی تعداد 600 سے زیادہ تھی۔
انڈین حکام کے مطابق پرندوں کے نمونے جانوروں کی بیماریوں سے متعلقہ ادارے کو بھیجنے پر معلوم ہوا ہے کہ ان میں ایچ فائیو این ون وائرس کے جراثیم موجود تھے۔
مرنے والے پرندوں میں سے اکثریت وسطی ایشیائی پرندوں کی تھی جن کی پرواز دنیا بھر کے پرندوں کے مقابلے میں سب سے اونچی تصور کی جاتی ہے۔
یہ پرندے سردیوں کے موسم میں ہزاروں کی تعداد میں جنوبی ایشیائی ممالک کی جانب نقل مکانی کرتے ہیں۔

ریاست ہریانہ میں ایک لاکھ سے زائد مرغیاں مر چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا میں مقامی حکام نے پولٹری کی فروخت اور برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے اور فلو کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں جنوبی ریاست کیرالا میں ہوئی ہیں جہاں ایویئن فلو کے باعث 12 ہزار بطخیں مر چکی ہیں جبکہ تقریباً 35 ہزار پولٹری کے جانوروں کو ذبح کیا گیا ہے۔
انڈیا کی جنوبی ریاست ہریانہ میں مختلف پولٹری فارمز میں ایک لاکھ 50 ہزار کے قریب مرغیوں کی پراسرار موت ہوئی ہے۔
ریاست پنجاب کے علاوہ ریاست راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بھی سینکڑوں کی تعداد میں کوے برڈ فلو کے باعث مر چکے ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں انڈیا میں برڈ فلو پھیلنے کے بیشتر کیسز سامنے آچکے ہیں۔ سال 2008 میں برڈ فلو کے باعث لاکھوں کی تعداد میں مرغیوں کو ذبح کر دیا گیا تھا۔

شیئر: