Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین خاتون کی امریکہ میں چوری جو اُن کے ہم وطنوں کو سخت ’وارننگ‘ کی وجہ بنی

خاتون پر تقریبا 1300 ڈالر مالیت کا سامان چوری کرنے کا الزام ہے (فوٹو: یوٹیوب، باڈی کیم)
امریکی ریاست الینوائے کے ایک بڑے سٹور سے مبینہ طور پر چوری کے واقعے کے بعد امریکی سفارت خانے نے انڈیا کے ویزہ ہولڈرز کو سخت تنبیہہ جاری کی ہے۔
خبر رساں ویب سائٹ ’منٹ‘ کے مطابق انڈیا میں قائم امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی فرد امریکہ میں کسی بھی قسم کے تشدد، چوری یا نقب زنی کی واردات میں ملوث پایا گیا تو اُس کا ویزہ منسوخ کر دیا جائے گا اور مستقبل کے لیے بھی اس پر ویزے کی پابندی عائد کر دی جائے گی۔
یہ وارننگ ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی جب ایک انڈین خاتون کو الینوائے میں واقع ’ٹارگٹ‘ نامی شاپنگ سٹور سے تقریباً ایک 1300 ڈالر مالیت کی اشیا چُرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں خاتون کو پولیس اہلکاروں کے سامنے روتے اور معافیاں مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں خاتون اور پولیس حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت بھی سنائی دیتی ہے۔ خاتون پولیس حکام سے کہتی ہیں کہ ’لیکن اگر میں پیسے دے رہی ہوں تو پھر مسئلہ کیا ہے؟‘ اس پر ایک پولیس افسر ردِعمل دیتا ہے کہ ’اگر آپ سٹور سے باہر نہ نکلتیں تو یہ بات ٹھیک ہوتی، لیکن آپ نے جب ادائیگی کیے بغیر سٹور چھوڑا تو آپ چوری کی مرتکب ہوئی ہیں۔‘
اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے انڈیا میں امریکی سفارت خانے نے ’ایکس‘ پر ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں شہریوں کو جرائم سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ ’امریکہ میں تشدد، چوری یا نقب زنی صرف قانونی مسائل کا باعث نہیں بنتی بلکہ یہ آپ کا ویزہ منسوخ کروا سکتی ہے اور آپ کو مستقبل میں ویزے کے لیے نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔‘
’امریکہ قانون کی حکمرانی کو اہمیت دیتا ہے اور غیرملکیوں سے توقع کرتا ہے کہ وہ ملک کے تمام قوانین کی پابندی کریں گے۔‘
اس کے ساتھ ہی ویزہ پالیسی میں سوشل میڈیا سے متعلق سختی بھی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب امریکہ کے ایف، ایم یا جے ویزہ کے لیے درخواست دینے والے تمام افراد کے لیے لازم ہوگا کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز کو ’پبلک‘ رکھیں تاکہ ان کی شناخت کی جانچ پڑتال اور سکیورٹی کلیئرنس ممکن ہو سکے۔
رواں ماہ کی 12 تاریخ کو امریکی سفارت خانے نے واضح کیا تھا کہ ’جو افراد امریکہ کے قوانین اور امیگریشن ضوابط کی خلاف ورزی کریں گے اُن کے ویزے منسوخ کیے جا سکتے ہیں اور اُنہیں ملک بدر بھی کیا جا سکتا ہے۔‘

 

شیئر: