Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فوج نے لداخ میں چین کے فوجی کو گرفتار کر لیا

گذشتہ برس اکتوبر میں بھی ایک چینی فوجی کو تھوڑی دیر کے لیے گرفتار کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین فوج نے کہا ہے کہ اس نے لداخ میں ایک چینی فوجی گرفتار کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجسنی اے ایف پی کے مطابق گذشتہ برس جون میں لداخ میں انڈین اور چینی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے بعد یہ دوسری گرفتاری ہے۔
اس جھڑپ میں 20 انڈین فوجی ہلاک ہوئے تھے جب کہ چینی فوج کے اہلکار بھی مارے گئے تھے لیکن ان کی تعداد کا علم نہیں ہو سکا تھا۔
دونوں ممالک نے اس چھڑپ کے بعد لداخ میں ہزاروں فوجی تعینات کیے تھے۔
انڈین فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’پیپلز لبریشن آرمی کے فوجی کو جمعے کی صبح لائن آف ایکچول کنٹرول پر انڈیا کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پی ایل اے کے فوجی کو وضع کیے گئے طریقہ کار کے مطابق ڈیل کیا جا رہا ہے اور اس بات کی تحقیق کی جا رہی ہے کہ اس نے کن حالات میں لائن آف ایکچول کنٹرول کو عبور کیا۔‘
انڈیا نے گذشتہ برس اکتوبر میں بھی ایک چینی فوجی کو تھوڑی دیر کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔
انڈیا اور چین کے درمیان ستر برسوں سے سرحدی تنازعہ چل رہا ہے اور 1962 میں ایک جنگ بھی ہوئی تھی۔ دونوں اطراف حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار ایک دوسرے کو ٹھراتی ہیں۔

انڈین وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ دونوں ممالک مذاکرات کے ایک نئے دور کے لیے متفق ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دونوں ممالک نے لداخ میں صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے مذاکرات کے کئی دور کیے لیکن اس کا کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
جمعے کو انڈین وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ دونوں ممالک مذاکرات کے ایک نئے دور کے لیے متفق ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس دوران دونوں اطراف نے آپس میں رابطہ بحال رکھا تاکہ کسی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔‘

شیئر: