Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم سرما میں کیمپنگ کے لیے کہاں کا رخ کریں؟

 موسم سرما کی راتوں میں کھلے آسمان تلے خیمے لگے ہوتے ہیں۔ (فوٹو سیدتی)
سعودی عرب کے صحرا پرکشش قدرتی مناظر، وادیوں، میدانی علاقوں، پہاڑوں اور ملائم ریت کے تودوں کے لیے مشہور ہیں۔
سعودی شہری اور مقیم غیرملکی موسم سرما میں قدرتی حسن سے لطف اٹھانے اور سیر کے لیے ان مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ 
اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب میں موسم سرما کے دوران کیمپنگ کے لیے کئی مقامات مشہور ہیں اور پسند کیے جاتے ہیں۔ 

السودہ پہاڑ سیاحوں کے لیے سب سے زیادہ پرکشش ہے۔ (فوٹو: سیدتی)

السودہ پہاڑ

یہ پہاڑ عسیر کے علاقے میں ہیں۔ یہاں سال بھر موسم معتدل رہتا ہے۔ سودہ پہاڑ سعودی عرب کا سب سے بڑا اور 9843 فٹ بلند ہے۔
مملکت میں سیاحوں کے لیے سب سے زیادہ پرکشش بنا ہوا ہے۔ السودہ پہاڑ کےجنوبی حصے زیادہ ٹھنڈے مانے جاتے ہیں۔ یہاں دیگر مقامات کے مقابلے میں بارش بھی زیادہ ہوتی ہے۔

العلا

العلا کمشنری مدینہ منورہ ریجن میں واقع ہے۔ یہ پرکشش قدرتی ماحول کے حوالے سے مقبول ہے۔ جنگل میں سیر کے شائقین اس کا رخ کرتے ہیں۔ موسم سرما میں یہاں آنے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔  

الوعبۃ کا دھانہ

یہ پرفضا مقام طائف سے 250 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں کئی لاکھ برس قبل آتش فشاں پھٹا تھا۔ جس سے بہت بڑا دھانہ بن گیا تھا۔

العلا کمشنری مدینہ منورہ ریجن میں واقع ہے۔(فوٹو سیدتی)

الوعبۃ پہاڑیوں کے  مغربی دھانے پر واقع ہے۔ یہاں نیلی جھیل ہے۔ یہاں فاسفیٹ سوڈیم کی چمک دمک نے الوعبۃ دھانے کو مزید جاذب نظر بنا دیا ہے۔  

طویق پہاڑ

یہ قوس کی شکل کا ہے۔ تقریبا 800 کلو میٹر کے وسیع و عریض علاقے کو اپنے حصار میں لیے ہوئے  ہے۔  یہ کئی پہاڑوں کا مجموعہ ہے۔ یہاں وادیاں اور ریت کے ٹیلے موجود ہیں۔ غاروں میں تاریخی نقوش کندہ ہیں۔ایک زمانے میں یہاں سے قافلے گزرتے تھے۔ موسم سرما میں خیموں کےعلاقے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔  

وادی القمر

یہ سیر و سیاحت کے شائقین کا پسندیدہ مقام ہے۔ موسم سرما کی راتوں میں کھلے آسمان تلے خیمے لگے ہوتے ہیں اور یہاں آنے والے سیاح ستاروں کے منظر سے لطف اٹھاتے ہیں۔ یہ جدہ سے 120 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

راس الشبعان

یہ املج کمشنری میں واقع ہے۔ یہاں موسم سرما میں خیمے نصب کرکے سمندر کے کنارے رہائش اختیار کی جاتی ہے۔ سیر کے لیے آنے والے یہاں کی سفید ملائم ریت دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور سمندر میں غوطہ خوری کا شوق بھی کرتے ہیں۔ 

طویق پہاڑ  کے قریب وادیاں اور ریت کے ٹیلے موجود ہیں۔ ( فوٹو سیدتی)

وادی السری

یہ ریاض میں واقع ہے۔ خوبصورت شکل و صورت کی پہاڑیوں کا مجموعہ ہے۔ یہاں ریت کے ٹیلے بھی ہیں۔ یہاں آنے والے خیمے لگاتے ہیں اور کوہ پیمائی کا شوق کرتے ہیں۔ یہاں کئی بڑے بڑے غار بھی ہیں۔ ریاض سے ایک گھنٹے کی ڈرائیونگ پر واقع ہے۔ 

الثمامہ صحرا

یہ ریاض کے شمال میں واقع ہے۔ سنہری ریت اور تفریحاتی مقامات کے لیے مشہور ہے۔ اہل ریاض یہاں روزانہ کی بنیاد پر سیر کے لیے آتے ہیں۔ اونٹ کی سواری، موٹر سائیکل کی سواری اور ریگستانی کار چلانے کا شوق پورا کرتے ہیں۔ 

جبل القارۃ

یہ پہاڑ خوبصورت غاروں کے لیے مشہور ہے۔ بیشتر غار سیاحوں کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔ مہم جو حضرات غاروں میں جاکر ان کے قدرتی حسن سے لطف اٹھاتے ہیں اور وہاں اپنا قیمتی وقت گزارتے ہیں۔ یہ الھفوف شہر سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ 

شیئر: