Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوم میں ’دا لائن‘ طرز کے چھ اور پراجیکٹس تیار کرنے کی منصوبہ بندی

نیوم کے سی ای او کے مطابق ان میں سے کچھ تفریحی مقامات تین سال بعد کھل جائیں گے (فوٹو: گرے کیومنز)
نیوم میں ’دا لائن‘ طرز کے چھ اور پراجیکٹس تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز نے سی این بی سی عریبیہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ بات نیوم کے سی ای او ناظمی النصر نے کہی ہے۔
ناظمی النصر نے کہا کہ تمام پراجیکٹس کی اربن پلاننگ اور ڈویلپمنٹ کا کام شروع ہو چکا ہے اور سائٹ پلان فائنل ہونے کے بعد مزید تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔

 

نیوم کے سی ای او کے مطابق ان میں سے کچھ تفریحی مقامات تین سال بعد کھل جائیں گے۔
کمپنی کے لیے گذشتہ تین برسوں میں سب سے اہم کام حکمت عملی کو ترتیب دینا اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری لینا تھا۔
2020 میں نیوم کی توجہ کورونا وائرس کا سامنا کرنے میں لگی رہی۔ پراجیکٹ پر اس کا زیادہ اثر تو نہیں پڑا لیکن سب سے بڑا چیلنج قومی اور انٹرنیشنل شراکت داری کو متوجہ کرنا تھا۔
ناظمی النصر نے کہا کہ ’مزید یہ کہ نیوم نے ورکرز کی رہائش کے لیے مقامی کمپنیوں سے شراکت داری کی اور انفراسٹرکچر کے کاموں کے لیے ٹھیکیداروں کی توجہ حاصل کی۔‘
انہوں نے کہا کہ نیوم میں سعودی ملازموں کی تعداد 45 فیصد سے زائد ہے جس میں انجینیئرز اور فنانشل ماہرین شامل تھے۔ ان کے مطابق مقامی افراد غیر ملکی ملازمین کے تعاون سے نیوم کی ڈویلپمنٹ کو لیڈ کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے، جو نیوم کمپنی کی مجلس انتظامیہ کے چیئرمین بھی ہیں، نیوم میں کاربن فری ’دا لائن‘ شہر کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: