Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انگلینڈ سے شکست کے بعد بھی پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے، مگر کیسے؟

انگلینڈ نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کے ہاتھوں دو وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کا ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر اب دوسروں کے رحم و کرم پر ہے۔
دو میچز کے بعد پاکستان کے پاس صرف ایک پوائنٹ ہے جو بارش کے باعث نیوزی لینڈ کے میچ منسوخ ہونے کی صورت میں ملا تھا۔
اب پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے ’اگر مگر‘ پر انحصار کرنا ہوگا۔

سری لنکا کے خلاف لازمی فتح

پاکستان کو 28 فروری کو اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو ہر صورت شکست دینا ہوگی تاکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد تین ہو سکے۔

نیوزی لینڈ کی مسلسل ناکامی

نیوزی لینڈ کو سری لنکا اور انگلینڈ کے ساتھ شیڈول مییچز ہارنے ہوں گے۔ اگر کیویز ایک بھی میچ جیت گئے تو وہ 3 پوائنٹس پر پہنچ جائیں گے اور معاملہ رن ریٹ پر آ جائے گا۔

نیٹ رن ریٹ کا چیلنج

پاکستان کا موجودہ رن ریٹ منفی 0.461 ہے جو انگلینڈ سے ہارنے کے بعد مزید گر گیا ہے۔ اگر نیوزی لینڈ اپنے بقیہ میچز میں سے ایک جیت جاتا ہے تو پاکستان کو سری لنکا کو کم از کم 45 سے 50 رنز کے مارجن سے شکست دینا ہوگی، یا ہدف 15 اوورز کے اندر حاصل کرنا ہوگا تاکہ وہ رن ریٹ میں نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑ سکے۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

گروپ ٹو کے پوائنٹس ٹیبل پر اگر نظر ڈالی جائے تو انگلینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ دوسری پوزیشن کے لیے پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان جنگ جاری ہے۔
25 فروری کو ہونے والا نیوزی لینڈ اور سری لنکا کا میچ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

شیئر: