Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عبدالمحسن الخلف ورلڈ بینک گروپ کی آڈٹ کمیٹی کے صدر منتخب

وہ متبادل ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے طور پرخدمات انجام دے چکے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
عالمی بینک گروپ’’ڈبلیو بی جی‘‘ کے ایگزیکٹیو بورڈ کے ارکان نے متفقہ طور پر سعودی نمائندے عبدالمحسن الخلف کو گروپ کی آڈٹ کمیٹی کا صدر منتخب کر لیا۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق  عبدالمحسن الخلف ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں جو مملکت کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وہ نومبر 2020 سے ورلڈ بینک کے اس عہدے پر موجود ہیں۔
اس سے قبل الخلف متبادل ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے طور پر 2018 سے 2020 تک خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ 2014  سے2018 تک وہ سعودی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے مشیر بھی رہے ہیں۔

عبدالمحسن وزارت خزانہ میں ماہراقتصادیات کے طور پر خدمات دے چکے ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)

آڈٹ کمیٹی کے ارکان میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز شامل ہیں جو امریکہ، فرانس، جاپان، چین، برطانیہ، برازیل اور پولینڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔
ورلڈ بینک کی یہ کمیٹی اکاؤنٹنگ، رسک مینجمنٹ، داخلی کنٹرول اورادارہ جاتی سالمیت کی نگرانی جیسے معاملات میں ایگزیکٹیو بورڈ کی معاونت کے لئے مقرر کی گئی ہے۔
یہ کمیٹی ورلڈ بینک گروپ کے اداروں کے لئے مالیاتی بیانات اور ٹرسٹ کے فنڈز سے متعلق مالیاتی رپورٹنگ کی سالمیت کو برقرار رکھتی ہے۔

آڈٹ کمیٹی میں امریکہ، فرانس، جاپان، چین، برطانیہ، برازیل کے نمائندے بھی ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)

یہ کمیٹی تقرریوں، قابلیتوں اور بیرونی آڈیٹرزکی خودمختاری کی بھی نگرانی کرتی ہے نیز داخلی و بیرونی آڈیٹرز کی کارکردگی میں رہنمائی کرتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی کمیٹی اس امر کو بھی یقینی بناتی ہے کہ مالیاتی، اکاؤنٹنگ اور انتظامی پالیسیاں نیز دھوکہ دہی اور بدعنوانی سے متعلق اندرونی کنٹرول مناسب اور موثر ہوں۔
ورلڈ بینک گروپ میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل عبدالمحسن الخلف سعودی وزارت خزانہ میں ماہر اقتصادیات کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جہاں انہوں نے اقتصادی اور مالیاتی پالیسی سے متعلق متعدد مسائل کے علاوہ G20ایجنڈے کے مختلف موضوعات پر کام کیا۔
انہوں نے G20 ڈیولپمنٹ ورکنگ گروپ میں مملکت کی نمائندگی بھی کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اگست1957میں ورلڈ بینک گروپ کا رکن منتخب ہوا تھا۔
 

شیئر: